حجاج کا آخری قافلہ روانہ، سعودی ایئر لائن کا حج آپریشن ختم
حجاج کا آخری قافلہ روانہ، سعودی ایئر لائن کا حج آپریشن ختم
ہفتہ 14 ستمبر 2019 19:20
آخری قافلہ روانہ ہونے کے ساتھ سعودی ایئر لائن نے حج آپریشن کے اختتام کا اعلان کردیا
مدینہ منورہ سے حجاج کا آخری قافلہ آج ہفتہ کو روانہ ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ سعودی ایئر لائن نے حج آپریشن کے اختتام کا اعلان کردیاہے۔
سعودی نیوز ایجنسی(واس) کے مطابق 442 افراد پر مشتمل حاجیوں کا آخری قافلہ انڈونیشیا روانہ ہوگیا ہے جنہیں مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبد العزیز ایئر پورٹ پر شاندار طریقے سے الوداع کیا گیا ہے۔
سعودی ایئر لائن کے سربراہ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر کی سربراہی میں سعودی حکام کے وفد نے آخری قافلے کو الوداع کیا۔ واپس جانے والے حجاج کو دینی ترانوں ، ملے نغموں اور تحفے تحائف سے الوداع کیا گیا ہے۔
اس موقع پر واس سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ایئر لائن کے سربراہ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر نے کہا ہے کہ حج آپریشن کے اختتام کے ساتھ حجاج کی خدمت کرنے والے تمام اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سعودی ایئرلائن نے اس سال حج فلائٹوں کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ کیا تھا۔ حج آپریشن کے دوران وقت کی پابندی کی شرح 90 فیصد رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی کے بعد حجاج کی واپسی طے شدہ جدول کے مطابق ہوتی رہی۔ ہم نے حجاج کی بہتر خدمت کے لئے تمام اسٹیشنوں میں عملےکی تعداد میں بھی اضافہ کیا تھا۔