کتبے پر جزیرہ عرب کے شمال مغربی علاقوں کی قدیم زبان نقش ہے۔ (فوٹو: عاجل)
سعودی محکمہ سیاحت و قومی آثار نے فرانس سے قدیم عربی تحریر والا سنگی کتبہ بازیاب کرلیا۔ کتبے پر جزیرہ عرب کے شمال مغربی علاقوں کی قدیم زبان نقش ہے۔
اخبار 24کے مطابق گزشتہ صدی کے ساتویں عشرے میں ایک فرانسیسی شہری جیک بورلیٹس سعودی عرب میں ملازم تھا۔ وہ یہاں سے وطن واپس جاتے ہوئے اپنے ہمراہ تاریخی سنگی کتبہ لے گیا تھا۔ سعودی عرب نے وزارت خارجہ اور یونیسکو میں متعین سعودی مشن کی مدد سے یہ کتبہ واپس حاصل کرلیا ہے۔
سعودی محکمہ سیاحت نے کتبہ واپس کرنے پر فرانسیسی شہری کا شکریہ ادا کیا ہے
سعودی محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کے چیئرمین احمد الخطیب نے تاریخی سنگی کتبہ واپس کرنے میں تعاون دینے پر فرانسیسی شہری جیک بورلیٹس کا شکریہ ادا کیا۔
بورلیٹس نے بتایا کہ یہ سنگی کتبہ اس کے پاس 40سال سے محفوظ تھا۔ اسے یہ کتبہ تبوک سے ملا تھا جہاں وہ ایک کمپنی کے لیے کام کررہا تھا۔ کمپنی پتھر کاٹ کر چٹانیں صاف کرنے پر مامور تھی۔ اس نے اس ارادے سے کہ کہیں یہ تاریخی سنگی کتبہ ضائع نہ ہوجائے اپنے قبضے میں کرلیا تھا اور وہ پہلے ہی روز سے یہ کتبہ سعودی عرب کو واپس کرنے کا ارادہ کئے ہوئے تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں