Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعلیٰ کا کردار نبھانے کے لیے کنگنا رناوت کی تیاریاں

کنگنا رناوت وزیراعلیٰ کا روپ دھارنے کے لیے امریکہ میں موجود ہیں۔ فوٹو: ٹویٹر
بالی وڈ کوئین کنگنا رناوت ان دنوں اپنی نئی فلم ’تھالے وی‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو انڈین ریاست تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للتا کی بائیوپک یعنی ان کے زندگی اور حالات و واقعات سے متعلق ہو گی۔
کنگنا اس فلم میں جے للیتا کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر وشنو اندوری کے مطابق کنگنا کو جے للیتا کے چار مختلف ادوار کے روپ میں ڈھالنے کے لیے امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں ہالی وڈ کے میک اپ آرٹسٹ جیسن کولن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور کنگا ان دنوں سابق وزیراعلیٰ کا روپ دھارنے کے لیے امریکہ میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ جیسن کولن ہالی وڈ کی فلموں ’کیپٹن ارول‘، ’بلیڈ رنر‘ اور ’ہنگر گیمز‘ میں بھی بطور میک اپ آرٹسٹ کام کر چکے ہیں۔

کنگنا کا میک اپ ہالی وڈ کے مشہور میک اپ آرٹسٹ جیسن کولن کر رہے ہیں۔ فوٹو: ٹویٹر

اسی حوالے سے اداکارہ کی کچھ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعلیٰ کا کردار نبھانے کے لیے میک اپ آرٹسٹ انہیں جے للیتا کا روپ دے رہے ہیں۔
جب سے یہ فلم بننے کا اعلان ہوا ہے تب سے شائقین یہ دیکھنے کے لیے بے چین ہیں کہ کنگنا رناوت سابق وزیراعلیٰ کے روپ میں کیسی دکھائی دیں گی۔
خیال رہے کہ سابق تامل وزیراعلیٰ جے للیتا 2016 میں انتقال کر گئی تھیں۔ ’تھالے وی‘ تامل زبان کا لفظ ہے جس کے معنی لیڈر کے ہیں۔
فلم ’تھالے وی‘ کے ہدایت کار اے ایل وجے ہیں اور فلم میں جے للیتا کی ایک چھوٹی لڑکی سے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ بننے تک کی کہانی بیان کی جائے گی۔

کنگنا ’تھالے وی‘ میں چار روپ بدلیں گی۔ فوٹو: ٹوئٹر

اس فلم کو تین زبانوں ہندی، تامل اور تیلگو میں ریلیز کیا جائے گا۔
پہلے ہندی میں اسے ’جایا‘ کے نام سے ریلیز کرنے کا پروگرام تھا لیکن کنگنا نے فلم سازوں سے درخواست کی کہ اس کا نام تمام زبانوں کے لیے ’تھالے وی‘ ہی رکھا جائے۔
اداکار اروند سوامی جنہوں نے مانی رتنام کے ’چیکا چیونتھا وانام‘ میں کام کیا تھا، ’تھالے وی‘ میں تامل ناڈو کے سابق وزیراعلیٰ اور مشہور اداکار ایم آر جی کا کردار نبھائیں گے۔ ایم آر جی کا جے للیتا کی زندگی میں اہم کردار رہا ہے۔

شائقین کنگنا کو بطور وزیراعلی دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ فوٹو: ٹویٹر

جے للیتا تامل ناڈو کی 14 سال سے زائد عرصے تک وزیراعلیٰ رہیں۔ ان کا دسمبر 2016 میں 68 برس کی عمر میں انتقال ہوا۔
انڈین خبروں کے لیے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: