امارات نے 5 روزہ سعودی نیشنل ڈے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو:خلیج ٹائمز)
سعودی عرب کے89ویں قومی دن کی مناسبت سے متحدہ عرب امارات نے بھی خاص اہتمام کیا ہے۔ جس میں سب سے اہم امارات نے اپنے یہاں پانچ روزہ سعودی الیوم الوطنی ’نیشنل ڈے‘ پروگرام کااعلان کیا ہے۔
امارات کے اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق سعودی یوم الوطنی پر متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں نے خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا ہے جس کے لیے سعودی عرب سے لوگ دبئی آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے خاص بات یہ ہے کہ 5روزہ جشن میں آنے والوں کو خاص انٹری اسٹمپ لگائی جارہی ہے جس میں ’سعودی عرب اور امارات ایک ہیں‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔
امارات ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ یہ خصوصی انٹری اسٹمپ دونوں برادر ممالک کے مابین برادرانہ احساسات اور پیار و خلوص کا اظہار ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے 89ویں قومی دن کی مناسبت سے امارات کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ پر آتشبازی اور کنسرٹ کا اعلان کیا گیاہے جبکہ اسی دن امارات کے تمام شہروں کے شاپنگ مالز اور اہم شاہراہوں پر سعودی قومی دن کے حوالے سے خاص پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔اسی طرح اماراتی میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے سعودی عرب کے قومی دن پر مختلف پروگرام اور ضمیمے جاری کئے جائیں گے۔ امارات میں 5روزہ سعودی قومی دن کی تقریبات 23ستمبر کو اختتام پذیر ہونگی۔