Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی دن کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریبات

سعودی عرب میں 89 ویں قومی دن کی تقریبات کا آغاز جمعرات کی رات سے کر دیا گیا ہے۔ 5 روزہ تقریبات کا اختتام 23 ستمبر کی شب 11 بجے ہو گا۔
قومی دن کی تقریبات کے لیے ' قمہ حتی الھمہ' ( ہمت تا بلندی ) کا عنوان مخصوص کیا گیا ہے۔ اس سلوگن کے تحت ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ 
سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ترتیب دیے گئے پروگرام کے تحت مختلف شہروں میں آتشبازی، ثقافتی اور فینسی ڈریس شوز کے علاوہ تجارتی سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔

مختلف مقامات پر بنائے گئے سٹیج پر فنکار اپنے فن کا مظاہر کر رہے ہیں، فوٹو: ایس پی اے

ریاض، جدہ، تبوک، جازان، ینبع، عرعر اور دیگر شہروں میں قومی دن کی تقریبات کے سلسلے میں شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں کافی جوش و جذبہ پایا جا رہا ہے۔ شائقین تفریحی مقامات پر سہ  پہر سے ہی پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔
جدہ میں رنگا رنگ پروگرام کے سلسلے کا آغاز کورنیش پر ہوا۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام شہروں میں تقریب کے مقامات پر یکساں جشن کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ یکجہتی کا اظہار ہو سکے۔ 

شائقین تفریحی مقامات پر سہ  پہر سے ہی پہنچنا شروع ہو گئے تھے، فوٹو: ایس پی اے

 
سعودی عرب کی قومی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے لوک گیت پیش کیے جا رہے ہیں، اس حوالے سے مختلف مقامات پر سٹیج بنائے گئے ہیں جہاں مقامی فنکار اپنے فن کا مظاہر کر رہے ہیں۔
قومی تفریحی کمیٹی کی جانب سے انتظامی امور کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مقامی نوجوان ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے اور گاڑیوں کو مقررہ جگہ پارک کرانے کی خدمات پر مامور ہیں۔

سعودی شہری اور غیر ملکی قومی دن کے لیے بہت پرجوش ہیں، فوٹو: ایس پی اے

سعودی عرب کے تمام شہروں کو خوبصورت سبز لائٹوں سے سجایا گیا ہے۔ دور سے ہی سبز روشنیاں نمایاں ہوتی ہیں اور ہر طرف ہی سبز جھنڈیوں کی بہار ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: