Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب جلد مناسب حفاظتی اقدامات کرے گا، شاہ سلمان

چین پوری قوت سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ (فائل فوٹو)
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ابقیق اور خریص آئل تنصیبات پر حملوں کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعدسعودی عرب امن و استحکام کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرے گا۔ 
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے یہ بات جمعہ کو چینی صدر ژی جن پنگ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کہی ہے۔ چینی صدر نے آرامکو تیل تنصیبا ت پر تخریبی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
چینی صدر نے کہا کہ تیل تنصیبات پر حملہ سعودی عرب کے امن و استحکام کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اس سے عالمی تیل منڈی متاثر ہوگی۔ انہوں نے تیل کی ترسیل برقرار رکھنے کے لیے سعودی عرب کے تعمیری اقدامات پر قدرو منزلت کا اظہار کیا ہے۔
چینی صدر نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور چین مکمل اسٹراٹیجک شراکت قائم کئے ہوئے ہیں۔ چین پوری قوت سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ مملکت کے امن و استحکام کا حامی ہے اور ملکی امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جاری کوششوں کی تائید کرتا ہے۔
شاہ سلمان نے مجرمانہ سرگرمیوں کی مذمت پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
چینی خبررساں ادارے ژنہوا کے مطابق چینی صدر نے شاہ سلمان سے رابطے کے دوران اپیل کی کہ تمام فریق صورتحال کو سنگین بنانے والے اقدامات سے گریز کریں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: