سعودی عرب کے 89ویں قومی دن کے موقعے پر جہاں رنگا رنگ تقریبات منعقد ہو رہی ہیں اور سرکاری سطح پرعوام کو تفریح فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں وہیں متعدد قومی و بین الاقوامی ریستوران اور فوڈ چینز نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی اپنے کھانوں پر خصوصی رعایتی پیکیج پیش کیے ہیں۔
ریستورانز کے علاوہ، مٹھائی، چاکلیٹس اورکیک خریدنے پر بھی خصوصی ڈسکاونٹ ملے گا۔
جبکہ بہت سے طبی مراکز، فٹنس سینٹرز، گاڑیاں دھونے اور انکا تیل تبدیل کرنے والے مراکزپر بھی بہت سی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں جسک ی وجہ سے نہ صرف مقامی آبادی بلکہ غیر ملکی بالخصوص پاکستانی اور جنوبی ایشیا کے دیگر باشندے بھی ان مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے باہر نکل رہے ہیں اور قومی دن کی تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی فوڈ چینز پیزا ہٹ، کودو، ھرفی، ابوزید، ٹاکسی سٹیک اینڈ برگر، سپائس اور الصاج الریفی کے علاوہ کھانے پینے کے دیگر کئی مراکز نے تو نرخ 50 فیصد تک کم کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں فیملیز بھی تفریح کے لیے باہر نکل رہی ہیں۔
سعودی عرب ہر سال 23 ستمبر کو اپنا قومی دن مناتا ہے۔ 23 ستمبر 1932 کو شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمان آل سعود نے سعودی مملکت کے قیام کی بنیاد ڈالی تھی۔
سعودی عرب میں بڑی تعداد میں مقیم غیر ملکی باشندے بھی اس دن کی تقریبات کے لیے خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ بالخصوص پاکستانی طلبا جدہ اور ریاض میں موجود کمیونٹی سکولوں میں اپنے اساتذہ کے ساتھ مل کر یوم الوطنی کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہیں اور رنگا رنگ پروگرام اور ٹیبلوز پیش کرتے ہیں۔
یوم تاسیس پر منعقد کیے جانے والے دیگر پروگراموں میں قومی ترانوں اور خوشی کے نغموں کی محافل سجائی جاتی ہیں اور دستاویزی فلموں کے ذریعے منزل بہ منزل ترقی کے سفر سے آگاہی اور قومی ہیروز کے کارنامے بیان کیے جاتے ہیں۔
رواں سال بھی بڑے شہروں کے سٹیڈیمز میں ثقافتی اور علاقائی پروگرام مرتب کیے جا رہے ہیں۔
مکہ اور مدینہ کے علاوہ ریاض، جدہ، دمام ، ابہا، خمیس مشیط، نجران، جیزان، تبوک ، حائل ، درعیہ ، عنیزہ ، سکاکا ، ہفوف اور ینبع سمیت دیگر کئی چھوٹے بڑے شہروں میں سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر نگرانی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں آتش بازی بھی شامل ہے۔
جدید تقاضوں سے ہم آہنگ جدہ شہر کی خوبصورت ساحلی پٹی کورنش پر بھی ہر سال کی طرح بہت بڑے پیمانے پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں قومی دن کی مناسبت سے جگہ جگہ سعودی عرب کی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں بھی کی جائیں گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں