خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کے 89 ویں قومی دن کے موقع پر پہلی بار اپنی روایت تبدیل کی ہے۔ ہر سال ریڈیو اور ٹی وی سے قوم کے نام ان کا پیغام نشر کیا جاتاہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات یہ کام انجام دیا کرتے تھے۔ اس سال انہوں نے روایت تبدیل کرتے ہوئے ٹویٹر پر قوم کے نام پیغام جاری کیا ہے۔
شاہ سلمان نے ٹویٹر پر تحریر کیا ہے کہ ’ ہم اس بات پر اللہ کی جتنی حمد و ثنا بیان کریں کم ہے کہ اس نے ہمارے وطن کو حرمین شریفین کی خدمت کا اعزاز بخشا اور اس نے ہمیں عزت و طاقت عطا کی۔ اس نے ہمیں پاکیزہ اقدار سے نوازا۔ اس نے ایسی قوم بخشی جسے اپنے وطن پر ناز ہے‘۔
نحمد الله أن أكرم بلادنا بخدمة الحرمين الشريفين، وبما هيأه لنا من عزٍّ وتمكين، وقيم نبيلة، وشعب يعتز ببلاده.
إن يومنا الوطني اعتزاز بتاريخنا، وترسيخ لمكانة هذا الوطن بين الأمم، وتطلع لغدٍ مشرق بالنماء والرخاء.
سائلين الله أن يحفظ بلادنا، ويديم عليها الأمن والاستقرار.— سلمان بن عبدالعزيز (@KingSalman) September 23, 2019
شاہ سلمان نے 89ویں قومی دن پراپنے ٹویٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ ’ہمارا قومی دن اپنی تاریخ پر فخر و منزلت کے اظہار کا دن ہے۔ یہ اقوام عالم کے درمیان سعودی عرب کا مقام و رتبہ اجاگر کرنے کا دن ہے۔ ہمارا قومی دن ترقی اور خوشحالی سے معمور روشن کل کے لیے آرزوئوں کے اظہار کا دن ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ وطن عزیز کی حفاظت کرے اور یہاں ہمیشہ امن و استحکام برقرار رکھے‘۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ٹویٹ کو عرب اور مسلم ممالک میں زبردست پذیرائی ملی۔ ٹویٹر کے صارفین نے سعودی عرب کے حوالے سے فخر و منزلت کے جذبات کا اظہار کیا۔ شاہ سلمان کے اس ٹویٹ کو ایک گھنٹے میں ایک لاکھ 30 مرتبہ ری ٹویٹ کیا گیا جبکہ ایک لاکھ 25 ہزار کمنٹس دیئے گئے۔