سٹے باز بیشتر علاقائی لیگز پر جوا کھیلتے ہیں۔ تصویر: کے پی ایل
انڈیا کی علاقائی ٹی20 لیگز میں میچ فکسنگ کے واقعات تواتر سے سامنے آ رہے ہیں جس کے بعد انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) بھی حرکت میں آ گیا ہے۔
انڈین کرکٹ بورڈ نے ایک علاقائی ٹیم کے مالک کو دبئی میں رہائش پذیر ایک بُکی کے ساتھ مبینہ طور پر سٹے بازی میں ملوث ہونے پر گرفتار کر لیا ہے۔
ان کی گرفتاری کے بعد علاقائی ٹیموں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے کرناٹک کی ریاستی پریمیئر لیگ میں کھیلنے والی ایک ٹیم کے مالک اشفاق علی تھارا کو گرفتار کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ اشفاق علی تھارا دبئی ٹی10 لیگ میں کھیلنے والی ایک ٹیم کے بھی مالک ہیں اور اس وقت ان کے خلاف دبئی کے بُکی کے ساتھ سٹے بازی کرنے اور مبینہ میچ فکسنگ کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
انڈین کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اجیت سنگھ نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’اشفاق علی تھارا کے خلاف سٹے بازی سمیت دیگر پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘
اشفاق علی تھارا کی گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک ہفتہ قبل ہی تامل ناڈو پریمیئر لیگ میں مشتبہ میچ فکسرز کی جانب سے کھلاڑیوں سے رابطے کے بعد واقعے کی انکوائری شروع ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا کی خواتین کرکٹ ٹیم سے بھی ایک بُکی نے رابطہ کیا تھا جس کے بعد دو مشتبہ افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
پولیس کے سابق ڈائریکٹر جنرل اجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سامنے آنے کے بعد اب ریاست کی سطح کی کرکٹ لیگز پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’سٹے بازی کی حوالے سے نگرانی اور آگاہی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب لوگ خود سامنے آ کر معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ ہم کھلاڑیوں کے لیے تعلیمی کلاسز کا انعقاد کر رہے ہیں اور ہم ایسوسی ایشنز کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔‘
واضح رہے کہ انڈیا میں لاٹریز اور گھڑ سواری کے علاوہ جوئے بازی غیر قانونی ہے، لیکن غیر قانونی بُک میکرز کے ذریعے ہزاروں شرطیں لگائی جاتی ہیں۔ ان میں میچ کے تمام پہلو مثلاً میچ کے نتیجے سے ایک مخصوص اوور میں رنز کی تعداد تک پر سٹے بازی کی جاتی ہے۔
دوسری جانب آن لائن جوئے بازی پر نظر رکھنے کا کوئی طریقہ کار نہ ہونے کے باعث سٹے بازی کرکٹ سمیت انڈیا کی کھیلوں میں جڑ پکڑ رہی ہے۔
یاد رہے کہ 2013 میں دنیا کی سب سے منافع بخش انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں میچ فکسنگ کا بڑا سکینڈل سامنے آیا جس کے نتیجے میں دو ٹیموں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
انڈیا کے علاوہ دیگر ٹی20 لیگز جن میں پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل)، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) اور دبئی لیگ میں بھی میچ فکسنگ کے واقعات سامنے آ چکے ہیں جس کے بعد کئی کھلاڑیوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز اسپورٹس“ گروپ جوائن کریں