سعودی عرب میں آن لائن سیاحتی ویزا کن ممالک کو ملے گا؟
سعودی عرب میں آن لائن سیاحتی ویزا کن ممالک کو ملے گا؟
ہفتہ 28 ستمبر 2019 9:16
آن لائن سیاحتی ویزا پروگرام میں پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش شامل نہیں۔ فوٹو: ایس پی اے
سعودی عرب نے جن 49 ممالک کے لیے آن لائن سیاحتی ویزوں کا آغاز کیا ہے ان میں پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش شامل نہیں۔
سعودی سیاحتی کمیٹی کی ویب سائٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، یورپی ممالک اور ایشیا میں برونائی، جاپان، ملائیشیا، سنگا پور، جنوبی کوریا، قازقستان، چین، ہانگ کانگ اور تائیوان کے باشندے ویب سائٹ کے ذریعے الیکڑانک ویزا یا مملکت آمد پر ائیر پورٹ پر ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غیر ملکی سیاحوں کی تعداد سالانہ 10 کروڑ تک لے جانے کا ارادہ ہے۔ اس وقت مملکت میں سالانہ سیاحوں کی تعداد 4 کروڑ 10 لاکھ ہے۔
سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی تعداد کا ہدف پورا ہونے پر2030 تک سیاحت کا ملکی پیداوار میں حصہ تین فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد تک پہنچ جائے گا۔
سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کے نتیجے میں سیاحت کے شعبے میں ملازمتوں کے مواقع بڑھ کر 16 لاکھ تک ہوجائیں گے جو اس وقت محض چھ لاکھ ہیں۔
دریں اثناءعالمی یوم سیاحت کے موقع پر گزشتہ روز سعودی کمیشن برائے سیاحت اور آثار قدیمہ کے زیراہتمام ریاض میں ہونے والی تقریب میں سیاحت سے شعبے سے وابستہ عالمی شخصیات ، سرمایہ کاروں اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی اور سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ نے 115 ارب ریال کی سرمایہ کاری کے لیے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ کے سربراہ احمد الخطیب نے اس موقع پر کہا کہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے اپنے دروازے کھولنا مملکت کے لیے تاریخی لمحہ ہے۔
’سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاروں جس میں خواتین اور مرد شامل ہیں دونوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مملکت میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں