بیجنگ ..... چین میں ایک شخص اس وقت عجیب و غریب پریشانی سے دوچار ہوگیا جب اسے 30دن کے سفر کے بعد اس بات کا علم ہوا کہ وہ اپنے آبائی گھر جانے کیلئے غلط سمت میں سفر کررہا ہے۔ نئے سال کے آغاز پر سائیکل کے ذریعے آبائی علاقے کا سفر کرنے والے اس شخص نے 30روز میں جب 500کلو میٹر کا فاصلہ طے کرلیا تو اسے علم ہوا کہ اب تک وہ غلط سمت میں جارہا تھا۔ یہ انکشاف اس وقت ہوا جب اس نے ایک جگہ راستہ پوچھنے کیلئے پولیس اہلکاروں سے مدد لی۔ یہ شخص مالی مسائل کی وجہ سے سائیکل پر سفر کررہا تھا تاکہ پیسے بچا سکے لیکن یہ معاملہ اس کے لئے زیادہ مسائل کا سبب بن گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شخص انٹرنیٹ کیفے میں راتیں بسر کرتا اور دن میں سائیکل پر اپنا سفر جاری رکھتا۔ ان پڑھ ہونے کی وجہ سے وہ راستوں اور مقامات کی نشاندہی کیلئے لگائے جانے والے بورڈز بھی نہیں پڑھ پاتا تھا ۔یہی وجہ تھی کہ وہ اس مصیبت اور پریشانی سے دوچار ہوا۔ پولیس نے اسے اس وقت روکا جب وہ ایک ایسی ہائی وے پر سائیکل چلا رہا تھا جہاں پر سائیکل پر سفر ممنوع ہے ۔ جب پولیس والوں سے اس نے اپنے آبائی علاقے کے راستے کی نشاندہی چاہی تو پولیس والے بھی حیران رہ گئے کیونکہ وہ مخالف سمت میں جارہا تھا۔