Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ یمنیوں کا وقت ہے ،ہم ساتھ رہیں گے‘

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایران،یمن کا استحصال کررہا ہے ۔فائل فوٹو ایس پی اے
 سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع نے ایران کی جانب سے یمن میں جزوی فائربندی کی بات کو ’سستی سودے بازی‘ کے ساتھ یمن اور اس کے عوام کے استحصال کی کوشش قرار دیا ہے۔
 جمعہ کوٹوئٹر پر بیان میں نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ ایرانی نظام اپنے مفادات کے لیے بڑی ڈھٹائی سے یمن کا استحصال کرتا رہا ہے۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے مزید کہا کہ ایک طرف ایران کی حکومت یمنیوں کو مورد الزام ٹھہرا کر اپنی دہشت گرد کارروائیوں کی ذمہ داری سے بچ رہی ہے۔ دوسری طرف یمنیوں کی جانب سے جزوی جنگ بندی کی بات کی جا رہی ہے۔

جواد ظریف ایرانی رجیم کے دفاع کی کوشش کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو اے ایف پی

شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی وزیر خارجہ کے سی این این کو دیے گئے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جواد ظریف بزدلانہ انداز میں یمن کی سلامتی ،امن اور استحکام کا لحاظ کیے بغیر تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کا الزام یمنیوں پر لگا کر ایرانی رجیم کے دفاع کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ یمنیوں کا وقت ہے۔ تمام یمنیوں کا اور ہم انتشار، افراتفری اور تباہی سے متعلق ایرانی منصوبے کے خلاف ان کے ساتھ رہیں گے۔ یمنی، ملکی مفاد، سلامتی، استحکام ، عوام کے تحفظ اور خوشحالی کو کسی بھی دوسرے مفاد پر مقدم ر کھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: