انٹرنیشنل بیڈمنٹن، پاکستانی کھلاڑی کا تمغہ
ماہ نور شہزاد دبئی انٹر نیشنل چیلنج کپ میں بھی حصہ لیں گی۔
پاکستان کی انٹرنیشنل بیڈمنٹن کھلاڑی ماہ نور شہزاد نے بلغارین انٹرنیشنل چیمپیئن شپ 2019 میں کانسی کا تمغہ جیت لی ہے جس پر سوشل میڈیا پر ان کی خوب پذیرائی ہو رہی ہے۔
ماہ نور شہزاد بلغارین انٹر نیشنل بیڈمنٹن چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں ہار گئیں تھیں۔ بلغارین انٹر نیشنل بیڈ منٹن ٹورنا منٹ کے سیمی فائنل میں ماہ نور شہزاد کو اسٹونیا کی گیئر سار نے اکیس سترہ اور اکیس بارہ سے شکست دی۔
ماہ نور شہزاد ایک ہفتے کی ٹریننگ کیلئے ڈنمارک جائیں گی۔ وہ دبئی انٹر نیشنل چیلنج کپ میں بھی حصہ لیں گی۔
ماہ نور شہزاد نے بلغاریہ انٹرنیشنل چیمپیئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے کی تصویر شیئر کی جسے سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ ماہ نور شہزاد پاکستان کی پہلی کھلاڑی ہیں جن کا نام انٹرنیشنل کیٹیگری میں ٹاپ 200 میں ہے اور ان کی موجودہ رینکنگ 165 ہے۔
اس سے پہلے وہ ٹاپ 150 میں بھی جگہ بنانے میں بھی کامیاب ہوئی ہیں۔ ماہ نور گذشتہ چار برس سے پاکستان کی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں جبکہ پچھلے تین سالوں سے وہ نیشنل چیمپیئن بھی ہیں۔
معظم علی بیگ نامی صارف نے ماہ نور شہزاد کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ اچھا کھیلی، ہمیں آپ پر فخر ہے۔ آپ کو مبارک ہو۔‘
فائزہ داؤد نامی ٹوئٹر صارف نے ماہ نور شہزاد کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر ٹویٹ کیا تھا ’ہمیں ماحور شہزاد کو سپورٹ کرنا چاہیے اور ہمیں ان پر فخر ہے۔‘
اس سے پہلے ستمبر میں ورلڈ بیڈمنٹن فیڈریشن کے بینر تلے بنی گورننگ باڈی یورپ بیڈمنٹن نے ماہ نور شہزاد کو سنٹر آف ایکسیلنس جوائن کرنے پر خوش آمدید کہا تھا۔