موقع ملا تو ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی سے جوڑی بناونگی، ماحور شہزاد
لاہور:پاکستان کی نمبر ون بیڈمنٹن کھلاڑی ماحور شہزاد نے کہا ہے کہ اگر بیڈمنٹن کے انٹر نیشنل ڈبلز مقابلوں میں جوڑی بنانے کا موقع ملا تو ہندوستانی کھلاڑی پہلی ترجیح ہوں گے کیونکہ ہند اس کھیل میں ہم سے بہت آگے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنے بیڈ منٹن کھلاڑیوں کوہند میں تربیت کا موقع دینا چاہئے ۔ وہاں بیڈمنٹن بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ہر سال بہت زیادہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس بھی ہوتے ہیں۔ پاکستانی پلیئرز کو ٹریننگ کے ساتھ ٹورنامنٹس میں بھی شرکت کیلئے ہند بھجوایا جائے تو بہت فائدہ ہوگا۔ ماحور نے کہا کہ اپنی ورلڈ رینکنگ بہتربنانا اور اولمپکس 2020ء کیلئے کوالیفائی کرنا میرا بڑا ہدف ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ خواتین کرکٹرز اور اسکواش کھلاڑیوں کے پاس بھی بہت زیادہ اسپانسرز ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بیڈمنٹن کے کھیل اور کھلاڑیوں کو بھی اسپانسر کیا جائے جبکہ ہماری فیڈریشن کے پاس تو اتنے پیسے نہیں ہیں کہ وہ ہمیں عالمی مقابلوں کیلئے اسپانسر کر سکیں۔ ماضی میں یورپ اور ترکی میں ہونے والے مقابلوں میں بھی اپنے خرچ پر شرکت کی ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں