Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں 111 افراد کو قتل کرنے والا ٹارگٹ کلر گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، فائل فوٹو
کراچی پولیس نے مبینہ طور پر 111 افراد کو قتل کرنے والا ٹارگٹ کلر گرفتار  کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلر کا نام عبدالسلام عرفان عرف مسہ تھا اور اس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے اور وہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
کراچی سے اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک نے بتایا کہ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ پولیس کے اینٹی سٹریٹ کرائم سکواڈ ایسٹ اور سولجر بازار پولیس نے کارروائی میں حصہ لیا۔ دوران تفتیش ملزم نے 111 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا انکشاف کیا ہے۔
 ایس ایس پی کے مطابق عبدالسلام عرفان نے رینجرز، نیوی،آرمی اور پولیس سمیت دیگر اداروں پر بھی حملے کیے۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے 111 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، فوٹو: کراچی پولیس

ٹارگٹ کلر عبدالسلام نے پاک آرمی کے دو اور نیوی کے ایک اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کی۔
اس کے علاوہ ملزم نے آٹھ پولیس اہلکاروں کی بھی ٹارگٹ کلنگ کی۔ ملزم نے مجموعی طور پر سرکاری ملازمین سمیت 111 افراد کو قتل کیا۔
غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ملزم نے پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم حقیقی، مسلم لیگ ن اور پختون جماعتوں کے کارکنان کا بھی قتل کیا۔
ملزم نے مخبری کے شبے پر 57 اور بھتہ نہ دینے پر سات افراد کو قتل کیا۔ملزم عبدالسلام عرفان کے خلاف 57 مقدمات کی فہرست موجود ہے، وہ کئی مرتبہ گرفتار بھی ہوا لیکن اسے پیرول پر رہائی مل گئی۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: