انڈیا نے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جانے والے تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور 137 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
انڈیا کے شہر پونے میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں انڈیا نے مہمان ٹیم کو بری طرح سے شکست دے کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
فاسٹ بولر امیش یادو اور سپنر راوندرا جاڈیجا نے تین تیں وکٹیں حاصل کیں۔ انڈیا نے جنوبی افریقہ کو فالو آن کرنے کے بعد دوسری اننگز میں اس کی پوری ٹیم کو میچ کے چوتھے دن آخری سیشن میں 189 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
یہ انڈیا کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ریکارڈ 11ویں ٹیسٹ سیریز میں فتح ہے۔ انڈیا نے ہوم گراؤنڈ پر 11 سیریز جیت کر آسٹریلیا کی 10 سیریز میں فتح کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
خیال رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف پونے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی اور وہ 254 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیرئیر کی 26ویں سنچری تھی۔
انڈین کپتان کے کیریئر کی یہ ساتویں ڈبل سنچری تھی اور یوں وہ سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ ان کے آگے سر ڈان بریڈمین، برائن لارا اور سنگارا ہیں جو بالترتیب 12، 11 اور 9 ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں۔
اس کے ساتھ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے انڈین کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے تندولکر اور سہواگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے چھ چھ ڈبل سنچریاں بنائی ہیں۔
کوہلی نے ڈبل سنچریوں کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں سات ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کیا ہے اور اس طرح انہوں نے ڈان بریڈمین کو رنز میں پیچھے چھوڑ دیا۔
مزید پڑھیں
-
’گواسکر کے آؤٹ ہونے پر سری نگر میں تماشائیوں کی عید ہوگئی‘Node ID: 437856