Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاجروں کی شکایات کے ازالے کے لیے نیب کی نئی کمیٹی

وفاقی کابینہ نے بھی کاروباری طبقے کے تحفظات کے حوالے سے نیب کو خصوصی کمیٹی بنانے کی سفارشات کی تھیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان میں احتساب کے ادارے، قومی احتساب بیورو (نیب)، نے تاجر برادری کی نیب اور جاری احتساب کے حوالے سے شکایات کے ازالے کے لیے تاجروں اور صنعت کاروں پر مشتمل ایک چھ رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو معیشت کی بہتری اور تاجر برادری کے تحفظات اور جائز شکایات کے ازالے کے لیے نیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 33 سی کے تحت دیے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ کی مشاورت کے بعد ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی بزنس کمیونٹی کے متعلق کسی بھی مسئلے پر اپنی سفارشات چیئرمیں نیب کو پیش کرے گی۔ فوٹو: پی آئی ڈی

یہ کمیٹی افتخار علی ملک نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، دارو خان اچکزئی، صدر پاکستان فیڈریشن آف چیمبر اینڈ انڈسٹری، افتخار باجوہ سابق صدر بینک الفلاح، انجم نثار صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سکندر مصطفےٰ خان چیئرمین ملت ٹریکٹرز اور سابق سی پی ایل سی چیف جمیل یوسف پر مشتمل ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے ’مذکورہ کمیٹی بزنس کمیونٹی کے متعلق کسی بھی مسئلے پر اپنی سفارشات چیئرمیں نیب کو پیش کرے گی جن کا مکمل جائزہ نیب کی تین رکنی کمیٹی جو کہ ڈپٹی چیئرمیں نیب، پراسیکیوٹر جنرل اور ڈی جی آپریشن نیب پر مشتمل ہوگی جو کہ ہرسفارش کا انتہائی گہرائی اور گیرائی سے جائزہ لے کر اپنی حتمی سفارشات چیئرمین نیب کو پیش کرے گی اور بغیر کسی تاخیر کے قانون کے مطابق اس پر فیصلہ کر دیا جائے گا۔‘
بیان کے مطابق بزنس کمیونٹی کی یہ کمیٹی اپنی معروضات براہ راست چیئرمین نیب کو بھی پیش کر سکے گی اور باہمی افہام و تفہیم سے ہر مسئلے کا قانونی حل نکالا جائے گا۔ اس ضمن میں چیئرمین نیب کا فیصلہ حتمی ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جو ریفرنسز دائر ہو چکے ہیں ان کے بارے میں شکایات قابل پذیرائی نہیں ہوگی۔ ’بزنس کمیونٹی کی مذکورہ کمیٹی کی حیثیت صرف مشاورتی ہوگی اور نیب کو قانونی طور پر تفویض کردہ اختیارات کے استعمال پر کوئی قدعن نہیں ہوگا۔‘
خیال رہے گذشتہ دنوں تاجروں اور صنعت کاروں نے آرمی چیف سے ملاقات کرے نیب کے حوالے سے شکایت کی تھی۔
وفاقی کابینہ نے بھی گذشتہ ہفتے کاروباری طبقے کے تحفظات کے حوالے سے نیب کو خصوصی کمیٹی بنانے کی سفارشات کر دی تھیں۔ کابینہ نے سفارش کی تھیں کہ نیب کسی بھی کارروائی سے پہلے اس خصوصی کمیٹی کو اعتماد میں لے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: