ریاض سیزن کی انتظامیہ نے شہر کے شمالی علاقے شہزادہ ترکی شاہراہ پر قائم " ریاض بولیورڈـ" میں داخلے کی فیس مقرر کر دی ہے ۔ تفریحی مقام پر فی شخص 50 ریال وصول کئے جائیں گے ۔ 12 برس سے کم عمر بچوں کا داخلہ مفت ہو گا۔
عربی اخبار الوطن کے مطابق ریاض سیزن کی انتظامیہ نے یہ فیصلہ میلے میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور بہتر تفریحی خدمات فراہم کرنے کی غرض سے کیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ریاض سیزن کی تقریبات گزشتہ ہفتے شروع کی گئی تھیں جس میں غیر معمولی ازدحام کی وجہ سے داخلہ فیس لاگو کی جارہی ہے۔
فیس ہفتے میں 6 دن کے لیے مقرر کی گئی ہے ۔ ہر ہفتے پیر کے دن داخلہ مفت ہو گا اس دن کسی سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی ۔ ریاض سیزن میں آنے والے زائرین سے جو فیس لی جائے گی اس سے وہ وہاں فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش کے اسٹال جو کہ مرکزی فوارے کے اطراف قائم کیے گئے ہیں سے مفت لطف اندوز ہو سکیں گے ۔
داخلہ فیس ادا کرکے آنے وا لے وہاں سینما اور دیگر اسٹیج شو بھی مفت دیکھ سکیں گے ۔ داخلہ فیس 12 برس سے زائد عمر کے بچوں سے بھی لی جائے گی ۔
واضح رہے ریاض سیزن کے تحت منعقدہ فیسٹول میں آنے والوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جبکہ زائرین کوبھی رش کی وجہ سے غیر معمولی دشواریوں کا سامناکرنا پڑ رہا تھا ۔
گزشتہ ہفتے رہنے والے بے پنا ہ ازدحام کی وجہ سے لوگوں کو بیٹھنے کی جگہ ملنا بھی دشوار تھا جبکہ میلے میں نصب مرکزی فوارہ بھی متاثرہوا تھا جسے مرمت کے لیے بند کر دیا گیاہے ۔
اس ضمن میں سوشل میڈیا پر ریاض سیزن کے تحت منعقدہ میلے میں داخلہ فیس عائد کیے جانے کے فیصلے کو اکثر حلقوں نے سراہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ فیس لگانے سے غیر معمولی ازدحام پر قابوپایا جاسکے گا۔ خاص کر وہ افراد جو روزانہ کی بنیاد پر فیسٹول میں آتے ہیں ان کی وجہ سے دور دراز سے آنے والوں کو کافی مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔
نافذ کی جانے والی فیس سے کم از کم وہ افراد روزانہ کی بنیاد پر میلے میں نہیں آئیں گے جو ریاض میں ہی مقیم ہیں ۔ دوسری جانب دیگر شہروں سے آنے والوں کا کہنا تھا کہ بے پناہ ازدحام سے انہیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں