250 درہم کا سامان کریڈٹ کارڈ سے خریدنے پر تین دن بعد رقم واپس ہوگی۔ فوٹو الامارات الیوم
دبئی کے بازاروں میں آئندہ ویک اینڈ پر’سپر سیل‘ کے اعلان نے امارات میں دنیا بھر سے آئے ہوئے تارکین اور خود اماراتی شہریوں میں جوش و خروش پیدا کردیا۔ جمعرات، جمعہ اور ہفتے کو90 فیصد تک رعایتی سیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ملبوسات، آرائشی اشیاء، میک اپ، گھریلو سازوسامان، الیکٹرانک آلات، بچوں کی اشیا، سونے، چاندی اور زیورات پر 90 فیصد تک رعایت ہوگی۔
31اکتوبر سے 2نومبر تک 500سے زیادہ تجارتی مارکہ جات کمپنیاں سیل میں حصہ لیں گی۔ دبئی میں سپر سیل سال میں دو مرتبہ لگتی ہے۔ دبئی کے اطراف دو ہزار سے زیادہ تجارتی مراکز میں مشہور برانڈ کی اشیاءسیل پر مہیا ہوں گی۔
250درہم سے زیادہ کا سامان خریدنے والوں کو ایک اور رعایت دی جائے گی۔ اعلان کیا گیا ہے کہ جو صارف 250 درہم سے زیادہ کا سامان ماسٹر کریڈٹ کارڈ یا ماسٹر کارڈ کے ذریعے خریدے گا اسے راس الخیمہ نیشنل بینک سے براہ راست اپنی خرچ کی ہوئی رقم تین روز کے اندر واپس مل جائے گی۔ سپر سیل تین دن تک جاری رہے گی۔
دبئی سپر سیل کے موقع پر ایک اور رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے تحت جو صارف راس الخیمہ بینک کے جاری کردہ ڈیجیٹل سسٹم سے 250 درہم سے زیادہ کی خریداری کرے گا اسے10بار قرعہ اندازی میں شمولیت کا موقع دیا جائے گا۔ قرعہ اندازی کے ذریعے سپر سیل کے دوران 20ا فراد کے انعام نکلیں گے۔
دبئی سپر سیل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر احمد الخاجہ نے بتایا ہے کہ ہمارے یہاں ریٹیل کا شعبہ ہر سال تین دن کے لیے سپر سیل کا اہتمام کرتا ہے۔ اس کے تحت دبئی کے سیاحوں اور تارکین کو مارکیٹنگ آفرز سے فائدہ اٹھانے اور من پسند شاپنگ کے مواقع مہیا کئے جاتے ہیں۔