قرآن پاک 10 جلدوں میں ہے ہر جلد 3 پاروں پر مشتمل ہے۔فوٹو سبق
مکہ مکرمہ میں پاکستانی خاتون نسیم اختر کے کپڑے پر کڑھائی کے ذریعے تیار کردہ قرآن کے نسخے کی نمائش کی جا رہی ہے۔
نسیم اختر کا تیار کردہ قرآن 10 جلدوں پر مشمل ہے جبکہ ہر جلد میں تین پارے ہیں۔
اس قرآن کی تیاری میں 300 میٹر کپڑا اور 25 ہزار میٹر طویل دھاگہ استعمال ہوا ہے۔
اس قرآن کا ہر پارہ 24 صفحات اور ہر صفحہ 15 سطروں پر مشتمل ہے۔
مکہ کے جبل العمر میں ’القرآن الکریم‘ کی نمائش کے دوران شائقین کپڑے پر کڑھائی کے ذریعے تیار کردہ قرآن کے نسخے کو بے حد پسند کر رہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق روزانہ ہزاروں افراد ’القرآن الکریم نمائش‘ دیکھنے کے لیے جبل العمر پہنچ رہے ہیں۔ ان سب کی دلچسپی کا محور پاکستان خاتون کا کڑھائی کے ذریعے تیار کردہ قرآن ہے۔
پاکستانی خاتون نسیم اختر نے بتایا کہ سب سے پہلے قرآن قلم کے ذریعے لکھا۔ اگست 1978 میں اس کا آغاز کیا۔ ’یہ کام اللہ کے فضل و کرم سے جنوری 2018ء میں مکمل کیا۔‘
ان کے مطابق ’قلم کے ذریعے قرآن پاک لکھنے میں 15 برس لگے، پھر کپڑے پر کڑھائی کرنے میں 17 برس کا عرصہ لگ گیا۔ اس طرح کل 32 برس میں یہ کام پایہ تکمیل کو پہنچا۔‘
نسیم اختر کا کہنا ہے کہ قلم سے قرآن لکھنے کے بعد دلی اطمینان حاصل کرنے کے لیے اپنے ہموطن قاری احسان اللہ کا تعاون حاصل کیا۔ انہوں نے قرآن کا ایک ایک صفحہ باریک بینی سے دیکھا۔
پاکستانی خاتون نے مزید کہا کہ ’قرآن پاک کی کتابت اور پھر کڑھائی کا کام رات کے آخری پہر اور ظہر و عصر کی نمازوں کے درمیان کرتی رہی ہیں۔ یہ سارا کام باوضو انجام دیا۔‘
نسیم اختر کا کہنا ہے کہ ’اللہ کا شکر ہے کہ اس نے مجھ سے ایسا کام لے لیا جسے میں شروع میں اپنے لیے ناممکن سمجھ رہی تھی۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں