شہد کی مکھیوں کے کاٹنے سے نوجوان ہلاک
شہد کی مکھیوں کے ڈسنے سے نوجوان بے ہوشی میں چلا گیا ( فوٹو: اے ایف پی)
شہد کی مکھیوں کے کاٹنے سے ایک 30 سالہ سعودی نوجوان ہلاک ہوگیا ہے۔ واقعہ باحہ کے پہاڑی علاقے کرا میں پیش آیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوان کے والد بخیت الغامدی نے کہا ہے کہ ’ان کے بیٹے پر کرا کے علاقے میں شہد کی مکھیوں نے حملہ کر دیا تھا‘۔
-
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
ان کا کہنا تھا کہ ’اسے بے ہوشی کی حالت میں کنگ فہد ہسپتال لایا گیا جہاں طبی عملے نے ابتدائی امداد فراہم کی مگر ہوش میں لانے میں کامیاب نہ ہو سکے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’ایک دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد نوجوان کا بے ہوشی کے عالم میں ہی انتقال ہو گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’متوفی صحت مند اور تندرست تھا۔ اسے کسی قسم کی بیماری نہیں تھی مگر لگتا ہے کہ شاید اس نے شہد کی مکھیوں کے بڑے چھتے کو چھیڑا تھا جس پر مکھیوں کی بڑی تعداد نے اس پر حملہ کیا‘۔
دوسری طرف باحہ میں شہد کی مکھیاں پالنے والے شہریوں نے کہا ہے کہ ’یہ پہاڑی علاقہ ہے جہاں مختلف مقامات پر شہد کی مکھیوں کے چھتے ہیں۔ باحہ شہد فراہم کرنے والا سب سے بڑا علاقہ ہے جہاں لوگوں نے بھی اپنی مکھیاں پالی ہوئی ہیں‘۔
بخیت الغامدی نے کہا کہ ’شہد کی مکھی کے کاٹنے سے عام حالات میں موت واقع نہیں ہوتی البتہ بڑی تعداد میں مکھیاں حملہ کر دیں تو خون کا دورانیہ کم ہو جاتا ہے۔ سانس گھٹ جاتی ہے اور دل کا دورہ پڑے سکتا ہے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں