دبئی کی آبادی 2019 کے اختتام پر 33 لاکھ ہوگئی ہے۔فوٹو امارات الیوم
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی آبادی 2019 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر 33 لاکھ 13ہزار420 ہوگئی ہے۔
2018 کی تیسری سہ ماہی کے آخر میں دبئی کی آبادی 31لاکھ 36 ہزار 400 ریکارڈ کی گئی تھی۔ ایک برس کے دوران ایک لاکھ 77ہزار 20 کا اضافہ ہوا ہے۔ اضافے کا تناسب 5.64فیصد رہا۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی محکمہ شماریات نے اعدادوشمار جاری کرکے بتایا کہ مصروف اوقات میں دبئی میں موجود افراد کی تعداد 44 لاکھ 59 ہزار 420 ریکارڈ کی گئی ہے۔
بہت سے لوگ روزمرہ کی بنیاد پر روزگار،سیاحت اور کاروبار کی غرض سے دبئی آتے رہتے ہیں۔عام حالات کے مقابلے میں 11لاکھ 46 ہزار افراد دبئی کے باسی نہیں بلکہ وہاں آتے جاتے رہتے ہیں۔
محکمہ شماریات کے مطابق عام اوقات اور مصروف اوقات کے دوران دبئی کی آبادی کے اعدادوشمار باقاعدہ جمع کئے گئے ہیں۔
’اس کامقصد یہ پتہ لگانا ہے کہ حکومت بنیادی ڈھانچے اور سکیورٹی خدمات کے حوالے سے کب کیا انتظامات کس شکل میں کررہی ہے۔ اضافی تعداد دبئی کی آبادی کے لحاظ سے 34.59 فیصد بنتی ہے‘۔
دبئی دنیا بھر کے لوگوں کے لیے پرکشش تجارتی شہر ہے۔ یہاں ہر براعظم سے سرمایہ کار اور ہنر مند آتے ہیں۔137برس کے دوران دبئی کی آبادی میں 261 گنا اضافہ ہوا۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں