Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلیو ایڈڈ ٹیکس، سعودی عرب کو تخمینے سے زیادہ آمدن

ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے پہلے سال47 ارب ریال آمدن ہوئی ہے۔ فائل فوٹو
سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے پہلے سال47 ارب ریال کی آمدنی ہوئی ہے۔ یہ سعودی عرب کے قومی بجٹ کے تخمینے سے کہیں زیادہ ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر خزانہ نے زکوٰة اور ٹیکس کی پہلی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ ریکارڈ وقت میں ہوا اور اس نے ٹیکس کے شعبے میں انقلاب برپا کردیا۔
الجدعان نے توجہ دلائی ہے کہ محکمہ زکوٰة نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی وصولی سے متعلق جو اندازے لگائے تھے وصولی اس سے کہیں زیادہ ہوئی۔ پابندی کی شرح 90 فیصد تک پہنچ گئی جب کہ خیال یہ کیا جارہا تھا کہ زیادہ سے زیادہ 60 سے 70 فیصد تک وصولی ہوگی۔

وزیر خزانہ کے مطابق سعودی حکومت نے  قومی خزانے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔ فوٹو سبق 

وزیر خزانہ نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ برسوں کے دوران قومی خزانے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔ تمام قوانین اور ضوابط پر نظر ثانی کرکے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مالیاتی قوانین و ضوابط کو سعودی اور بین الاقوامی اقتصادی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کردیا گیا۔
وزیر خرانہ الجدعان نے مزید کہا کہ زکوٰة اور ٹیکس پر کانفرنس کا انعقاد اپنے آپ میں بڑی تبدیلی ہے۔ یہ کانفرنس بین الاقوامی معیشت کو درپیش چیلنجوں کے ماحول میں منعقد کی جارہی ہے۔
الجدعان کے مطابق ڈیجیٹل اکنامک میں برق رفتار تبدیلیاں ہورہی ہیں۔ مصنوعی ذہانت اور بلا ک چین ٹیکنالوجی جیسی جدید ٹیکنالوجی سے زکوٰة اور ٹیکس کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے۔ لاگت کم کریں گے۔ ٹیکس نظام میں زیادہ شفافیت لائیں گے۔ آن لائن کاروبار کے لیے ٹیکس کے نئے ضوابط متعارف کرائے جائیں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: