پاکستان میں جمعیت علمائے اسلام ف نے حکومت مخالف تحریک میں اسلام آباد کا دھرنا ختم کرنے کے بعد ’پلان بی‘ کے تحت ملک کے مختلف مقامات میں دھرنا دے کر شاہراہوں کو بند کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں جے یو آئی نے موٹر وے چوک پر دھرنا دیا۔ دھرنے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے خطاب کیا۔
تاہم موٹر وے چوک پر دیا گیا دھرنا مغرب کے بعد ختم کر دیا گیا۔ جے یو آئی کے مطابق کل دن گیارہ بجے دوبارہ دھرنا ہو گا اور موٹر وے چوک پر کارکنان نماز جمعہ ادا کریں گے۔
-
’مولانا کی بات کو یاد کرتا ہوں تو رونا آ جاتا ہے‘Node ID: 441561
-
دھرنا ختم: ’دنیا نے دیکھ لیا ہم کتنے منظم اور پُرامن ہیں‘Node ID: 442991
دوسری جانب جے یو آئی کے کارکنان نے کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی شاہراہ کو خضدار کے مقام پر دھرنا دے کر بند کردیا ہے۔ جبکہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے حب میں آر سی ڈی شاہراہ پر بھی جے یو آئی کارکنان نے دھرنا دے کر سڑک بند کردی ہے۔
مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث پنجاب کے علاقے تونسہ میں کھڈ بُزدار کا مرکزی پُل بھی بند ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
اس سے قبل فضل الرحمٰن نے چودھری برادران کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر حکمران پہلے مستعفی ہوتے تو شاہراہوں کو بند کرنے کی نوبت نہیں آتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تقریباً تمام بڑی شاہراہوں پر کارکنان اورعوام جمع ہیں۔
فضل الرحمٰن نے کہا کہ کارکنوں کو واضح ہدایت دی گئی کہ مریض، مسافروں، خواتین اور میت وغیرہ کا خاص خیال رکھیں۔
دوسری جانب جمعرات کو جے یو آئی خیبر پختونخوا کے کارکنان نے مانسہرہ کے قریب چھترپلین کے مقام پر شاہراہ قراقرم کو دھرنا دے کر بند کر دیا تھا۔ تاہم رات گئے تیز بارش کے باعث دھرنے کو کل تک ملتوی کیا گیا۔ جے یو آئی کے مقامی ترجمان کے مطابق دھرنا کل دوبارہ دیا جائے گا اور مولانا فضل الرحمان اس سے خطاب کریں گے۔
جمعرات کی صبح جے یو آئی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی مولانا محمود شاہ اعلان کیا تھا کہ کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی شاہراہ کو خضدار کے مقام پر دوپہر دو بجے کے بعد بند کیا جائے گا جبکہ افغانستان کو پاکستان سے ملانے والی کوئٹہ چمن شاہراہ کو پشین اور قلعہ عبداللہ کے درمیان بند کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ’کوئٹہ ڈیرہ غازی خان شاہراہ کو لورالائی یا بارکھان کے قریب ان کی پارٹی کے ارکان بند کریں گے۔ اسی طرح ایران کو پاکستان سے ملانے والی کوئٹہ تفتان شاہراہ پر بھی آمدروفت روکی جائے گی۔‘
کوئٹہ سے اردو نیوز کے نمائندے زین الدین احمد کے مطابق چمن، کوئٹہ کراچی، کوئٹہ ڈیرہ غازی خان اور کوئٹہ تفتان شاہراؤں کی بندش سے نہ صرف عام مسافر متاثر ہوں گے بلکہ صوبے میں تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہوکر رہ جائیں گی۔ پھلوں، خشک میوہ جات، روز مرہ کے استعمال کی اشیاءاور تعمیراتی سامان کی زیادہ تر ترسیل انہی شاہراؤں سے ہوتی ہے۔ افغانستان اور ایران سے تجارت کے لیے انحصار بھی انہی سڑکوں پر ہے۔
جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کے ترجمان جلیل جان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں چار مقامات پر دھرنے دے کر سڑکوں کا بند کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈویژنل سطح پر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں انڈس ہائی وے کو بنوں ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب بند کیا گیا جبکہ شاہراہ قراقرم کو مانسہرہ بٹل کے مقام پر جے یو آئی کے کارکنوں نے بند کیا ہے۔
جلیل جان کے مطابق دیگر دو مقامات سوات میں چکدرہ چوک اور نوشہرہ میں حکیم آباد کے علاقے میں شاہراؤں پر دھرنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’دن گیارہ بجے احتجاج شروع کیا گیا ہے تاہم اس کے خاتمے کا وقت طے نہیں ہے۔‘
خیال رہے کہ جے یو آئی ف نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کی حمایت سے وزیر اعظم کے استعفے اور نئے انتخابات کے لیے ’آزادی مارچ‘ 27 اکتوبر کو کراچی سے شروع کیا تھا۔ آزادی مارچ کا قافلہ 31 اکتوبر کی شب اسلام آباد پہنچا۔
اسلام آباد کے ایچ 9 گراؤنڈ میں آزادی مارچ کے شرکاء نے 14 روز قیام کیا۔ یکم نومبر کو مارچ کے شرکا سے اپنے خطاب میں مولانا نے وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کیلئے 48 گھنٹوں کی مہلت دی تاہم یہ مہلت ختم ہوگئی اور وزیراعظم مستعفی نہیں ہوئے۔
13 نومبر کو مولانا فضل الرحمان نے مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے دھرنا ختم کرکے’پلان بی‘ کے تحت ملک بھر میں سڑکوں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں