کنسلٹنٹ کمپنی کے مطابق 2020 کے دوران تنخواہوں میں مزید 4.5 فیصد اضافہ ہوگا، فائل فوٹو
انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کمپنی ’میرسر‘ کے مطابق سعودی عرب میں بنیادی تنخواہ میں 4.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اخبار24 کے مطابق انٹرنیشنل کمپنی نے بتایا کہ حال ہی میں سعودی عرب کی 472 نجی کمپنیوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ ملک میں تنخواہوں کے حوالے سے طریقہ کار کیا ہے۔
جائزے کے مطابق 2020 کے دوران سعودی عرب میں تنخواہوں میں مزید 4.5 فیصد کا اضافہ ہوگا ۔ حیاتیاتی علوم کے شعبوں میں کام کرنے والوں کی تنخواہوں میں پانچ فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔
انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ توقعات بتا رہی ہیں کہ توانائی کے شعبے میں تنخواہوں میں اضافہ کم سے کم ہو گا۔ اس شعبے میں تنخواہوں کا اضافہ 3.5 فیصد سے زیادہ نہیں ہو گا۔ 2019 کے دوران اس شعبے میں تین فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں سرگرم کمپنیاں عام طور پر ایگزیکٹو اور ڈائریکٹرز کی تنخواہوں میں زیادہ اضافہ کرتی ہیں۔ ان کے مقابلے میں دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی تنخواہوں میں کم اضافہ کیا جاتا ہے۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب میں کمپنیوں کی توجہ کا محور کمپنیوں کو چلانے والوں کی مہارت کو بڑھانا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں