ریاض....سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن نے بتایا ہے کہ 16ہزار 845سعودیوں نے 2016ءکے دوران کم تنخواہوں کی وجہ سے نجی اداروںکی ملازمتو ںکو خیر باد کہہ دیا۔ یہ نجی ادارے میں کام کرنےوالے کل سعودی ملازمین کاایک فیصد ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کی تنخواہیں ساڑھے 3ہزار ریال سے کم تھیں۔جنرل کارپوریشن نے واضح کیا کہ 2016ءکے دوران نجی اداروں میں ایسے سعودی ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا جنکی تنخواہیں ساڑھے 3ہزارریال سے زیادہ مقرر کی گئیں۔ الوطن اخبار نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ کم تنخواہوں والی ملازمتوں سے سعودی ملازمین کے نکلنے کی شرح ایک جیسی نہیں۔ 1500سے 1999ریال کی تنخواہ پانے والے 21.6فیصد کے تناسب سے خارج ہوئے جبکہ ایسے سعودی ملازم بھی تھے جنکی تنخواہیں 2ہزار سے 2499ریال کے درمیان تھیں۔ انکا تناسب 17.6فیصد ہے۔ علاوہ ازیں 2500سے 2999ریال پانے والے سعودی ملازمین کا تناسب 15.6فیصد ریکارڈ کیاگیا۔ 3000 سے 3499ریال کے درمیان کی تنخواہ پانے والوں نے بھی نجی اداروںکو خیر باد کہا تاہم انکا تناسب 7.4 فیصد کے لگ بھگ ہے۔ رپور ٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایام کے دوران نجی اداروں نے سعودی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے۔ اسکے نتیجے میں سعودی ملازمین کی تعداد بڑھ گئی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ6ہزار سے 6999ریال تنخواہ پانے والے سعودیوں کی تعداد میں 6.6فیصد اور 7000سے لیکر 7999ریال تک تنخواہ لینے والوں کی تعداد میں 2.1فیصد اضافہ ہوا۔