فٹبال میچ کے شوقین سکو ل ہیڈ ماسٹر نے ایشیا کپ کا فائنل دیکھنے کے لیے آخری کلاس ختم کرکے چھٹی کااعلان کر دیا۔ اپنی نوعیت کے منفرد واقعے پر سوشل میڈیا پرلوگوں کی جانب سے تائید و مخالفت کا سلسلہ جاری ہے۔
میچ سعودی عرب کی ’الھلال‘ اور جاپانی ’اوراوا‘ ٹیم کے مابین اتوار کی دوپہر شروع ہو گا۔ ریاض میں سکول ہیڈ ماسٹر نے اسمبلی گراؤنڈ میں اعلان کرتے ہوئے کہا ’میچ دوپہر ایک بجے شروع ہو گا اور اسی وقت آخری کلاس شروع ہو جاتی ہے اس لیے صرف اتوار کے دن میچ دیکھنے کے لیے آخری کلاس سے قبل چھٹی دے دی جائے گی تاکہ آرام سے گھروں پر میچ سے لطف اندوز ہوا جاسکے۔‘
ہیڈ ماسٹر کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کو سکول کے تمام طلبا اور اساتذہ نے سراہا اور تالیوں سے سمبلی ہال گونج اٹھا۔
چھٹی کے اعلان کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر سوشل میڈیا پردو گروپس بن گئے۔ اکثریت کا کہنا تھا کہ ہیڈ ماسٹر کا یہ اقدام طلبا کے مفاد میں نہیں۔
مخالفین کا کہنا تھا کہ ہیڈ ماسٹر کو یہ حق نہیں کہ وہ طلبا کی تعلیم کا حرج کرتے ہوئے محض میچ دیکھنے کے لیے ایک کلاس ہی ختم کردیں۔ اگر انہیں میچ دیکھنا ہی اتنا ضروری تھا تو وہ بعد میں بھی دیکھ سکتے تھے۔
دوسری جانب اعلان کے حامیوں کا کہنا تھا کہ طلبا نے بھی بڑی تعداد میں اس فیصلے کو سراہا۔ اس میں کوئی مضائقہ نہیں کہ اگر ہیڈ ماسٹر نے طلبا اور دیگر اساتذہ کی خواہش پر ایک کلاس ختم کرکے آدھا گھنٹہ قبل چھٹی کر دی۔