Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد 200 حوثی قیدی رہا کرے گا

مریضوں کی منتقلی کے لیے سپیشل فلائٹ چلانے کا فیصلہ کیا ہےفائل فوٹو: روئٹرز
سعودی عرب کے زیر قیادت عرب اتحاد نے باغی حوثیوں کے 200 قیدی رہا کرنے اور صنعا سے مریضوں کی منتقلی کے لیے سپیشل فلائٹ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
خصوصی پروازیں عالمی ادارے صحت کے تعاون سے چلائی جائیں گی تاکہ مریضوں کو مناسب علاج مہیا ہوسکے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد نے یہ فیصلہ اپنے طور پر کیا ہے۔

ترکی المالکی کے مطابق قیدیو ں کا مسئلہ بنیادی طور پر انسانی مسئلہ ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ’ ہماری قیادت یمنی بحران کے حل کے لیے جاری مساعی کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے‘۔ ’اسٹاک ہوم کے معاہدے کو آگے بڑھانے میں دلچسپی ہے۔ اس معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے اور اختلافی نکات سے اوپر اٹھ کر قیدیوں کے تبادلے کا خوشگوار ماحول قائم کرنا شامل ہے۔‘
ترکی المالکی کے مطابق’قیدیو ں کا مسئلہ بنیادی طور پر انسانی مسئلہ ہے۔ عرب اتحاد، انسانی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے۔ ہمارے مذہب اسلام کی تعلیم یہی ہے۔ عرب روایات بھی ہم سے یہی چاہتی ہیں‘۔
دریں اثنا یمن کے وزیر دفاع محمد علی المقدشی نے کہا ہے کہ یمنی افواج تمام مقامات پر پوری طرح سے تیار ہیں اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مزید تعاون کا جذبہ رکھتی ہیں۔ حوثیوں کے زیر قبضہ باقی ماندہ علاقے آزاد کرانے کا مشن جاری رکھا جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: