یمن میں دستوری حکومت کی مدد کے لیے قائم عرب اتحادی افواج نے کہا ہے کہ اس نے دار الحکومت صنعا کے جنوب میں واقع شہر ذمار میں حوثی باغیوں کے ایک اہم ٹھکانہ کو نشانہ بنا کر وہاں موجود ڈرونز کا ذخیرہ تباہ کر دیا ہے۔
العربیہ کے مطابق اتحادی افواج کی کارروائی ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رات گئے کی گئی۔ اتحادی افواج کے متعدد طیاروں نے حوثی ٹھکانے پر بمباری کرکے اپنا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا۔
اتحادی افواج نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ شہریوں کی سلامتی کے لئے پیشگی تدابیر اختیار کی گئیں ۔ علاوہ ازیں کارروائی سے پہلے عالمی قوانین کی پابندی کی گئی نیز بے گناہوں کے متاثر نہ ہونے کی یقین دہائی کی گئی۔
واضح رہے کہ حوثی باغی سعودی عرب کے متعدد شہروں کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی متعدد کوششیں کر چکے ہیں۔ وہ دہشت گردانہ کارروائی میں عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پامالی کرتے ہوئے شہری آبادی اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں جنہیں سعودی فضائیہ ناکام بنادیتی ہے۔