Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پیٹرول چِھڑکنے سے ایک شخص ہلاک‘

گرجا گھر میں آگ لگنے سے پادری خود بھی جُھلس کر زخمی ہو گئے، فوٹو: اے ایف پی
گرجا گھر میں پادری کی بے دھیانی نے نہ صرف ایک شخص کی جان لے لی بلکہ پورے علاقے میں آگ لگا دی۔
مغربی افریقہ کے ملک نائجیریا کے شہر لاگوس میں ایک شخص پاک ہونے کی نیت سے گرجا گھر گیا جہاں پادری نے اس پر مقدس پانی کی جگہ پیٹرول چھڑک دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لاگوس کے ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے میں کام کرنے والے ابراہیم فارین لوئے کا کہنا تھا کہ ’پادری نے ایک مرتبان یہ سمجھ کر آٹھایا کہ اس میں مقدس پانی ہوگا۔ انہیں اس بات کی خبر نہیں تھی کہ اس میں پیٹرول ہو گا۔‘
’پادری نے مقدس پانی سمجھ کر مرتبان میں موجود سارا پیٹرول اس شخص پر چھڑک دیا، جس نے قریب میں جلنے والی موم بتی سے آگ پکڑ لی۔‘
ابراہیم فارین لوئے نے کہا کہ ’پادری اور پاک ہونے کے لیے آئے شخص دونوں آگ کی لپیٹ میں آ گئے، یہاں تک کہ آگ قریب میں موجود تیل کی پائپ لائنز تک جا پہنچی۔ اس کے نتیجے میں پائپ لائنز میں دھماکہ ہوگیا۔‘  
ابراہیم فارین لوئے نے بتایا کہ ’متاثرہ شخص کا جسم آگ میں بری طرح جھلس گیا، جبکہ پادری کے جسم پر جلنے کے نشانات آئے۔‘

پادری نے مقدس پانی سمجھ کر مرتبان میں موجود سارا پیٹرول اس شخص پر چھڑک دیا، فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب، لاگوس کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی سروس (لاسیما) کے سربراہ فیمی اوکی اوسنینتولو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’پائپ لائن کی آگ بجھانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔‘
’ہم آگ بجھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ صرف ایک لاش برآمد ہوئی ہے، جبکہ دوسرے متاثرہ شخص (پادری) کا علاج جاری ہے۔‘

شیئر: