دوران ڈرائیونگ موبائل کا استعمال پکڑنے کے لیے خود کار نظام
دوران ڈرائیونگ موبائل کا استعمال پکڑنے کے لیے خود کار نظام
جمعہ 6 دسمبر 2019 19:36
طائف میں آئندہ جمعرات سے خلاف ورزیاں خود کار نظام کے تحت ریکارڈ ہوں گی، فوٹو:عاجل
سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے اور حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے کی خلاف ورزیاں آئندہ جمعرات سے طائف میں خود کار نظام کے تحت ریکارڈ کی جائیں گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ’ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ 150 تا 300 ریال ہے۔ 30 دن کے اندر یہ خلاف ورزی دہرانے پر انتہائی جرمانہ ہوگا یا 24 گھنٹے کے لیے لائسنس معطل کردیا جائے گا ۔ دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جا سکتی ہیں‘۔
’حفاظتی بیلٹ ڈرائیور کے علاوہ اگلی نشست پر بیٹھنے والے کے لیے بھی ضروری ہے۔ اگر ڈرائیور کے ساتھ اگلی نشست پر بیٹھے ہوئے شخص نے بیلٹ نہ باندھی ہو تو اس پر بھی جرمانہ ہو گا۔ چالان گاڑی کے مالک یا اس شخص کے نام جاری ہوگا جو مختار نامے کے تحت گاڑی چلا رہا ہو گا‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں عوام کی سلامتی پر اثر انداز ہونے والی گیارہ خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے مقرر کررکھے ہیں۔
ان میں ٹائر سکریچنگ، نشے کی حالت میں گاڑی چلانا، دماغ پر اثر انداز ہونے والی ادویہ لے کر گاڑی چلانا، سگنل توڑنا، مخالف سمت میں گاڑی چلانا، زگ زیگ انداز میں گاڑی چلانا، گاڑی کی پلیٹ کے نمبر مٹا کر چلانا،ڈھلوان پر اوور ٹیک کرنا،بغیر لائٹ یا بریک والی گاڑی چلانا، مقررہ رفتار سے 25 کلو میٹر سے زیادہ کی رفتار سے گاڑی چلانا، گاڑی چلاتے وقت موبائل فون استعمال کرنا اور سگنلز پر رکنے کی ہدایت کی پابندی نہ کرنا قابل ذکر ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں