ریاض سیزن میں باز کا ’مقابلہ حسن‘، تین ملین ریال کا انعام
ریاض سیزن میں باز کا ’مقابلہ حسن‘، تین ملین ریال کا انعام
ہفتہ 7 دسمبر 2019 14:46
ریاض سیزن کے تحت سعودی فالکنز کلب کی جانب سے باز میلے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں مقابلہ جیتنے والے باز کے لیے انعامی رقم بھی رکھی گئی ہے۔
کنگ عبدالعزیز فالکن فیسٹیول کے نام سے یہ باز میلہ 16دسمبر تک جاری رہے گا۔
عرب نیوز کے مطابق اس باز میلے کے دوسرے مرحلے میں سعودی فالکنز کلب نے بازوں کی خوبصورتی کے مقابلوں کا اعلان کیا ہے اور اس ’مقابلہ حسن‘میں کامیاب ہونے والے فالکنز کے لیے تین ملین ریال کے انعامات رکھے گئے ہیں۔
مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے باز کے مالک کو تین لاکھ ریال انعام دیا جائے گا اسی طرح دوسرے نمبر پر آنے والے کو دو لاکھ ریال جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے باز کے مالک کو ایک لاکھ ریال دیے جائیں گے۔
کنگ عبدالعزیز فالکنز فیسٹیول کا آغاز ریاض کے قریب وادی ملہم میں گذشتہ اتوار کو ہوا تھا اور 16دسمبر تک جاری رہے گا۔
اس باز میلے میں نہ صرف سعودی عرب بلکہ دیگر ممالک سے بھی باز شامل کیے گئے ہیں۔ میلے میں حصہ لینے والے بازوں کے لیے مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 21 ملین ریال کے انعامات رکھے گئے ہیں۔
وادی ملہم میں جاری ان مقابلوں میں ابتدائی دس پوزیشن لینے والے بازمالکان کو نقد انعامات دیے جائیں گے جبکہ فہرست میں شامل دیگر سات آئندہ ہونے والے مقابلے کنگ عبد العزیز کپ کے لیے کوالیفائی کریں گے۔