Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ریاض: بجلی کے کیبل چوروں کا گروہ گرفتار

ملزمان اب تک 5 لاکھ ریال مالیت کے کیبلز چراچکے ہیں ۔ فوٹو۔ سبق نیوز
ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیارہ رکنی ایشیائی چوروں کے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان سعودی بجلی کمپنی کے کیبلز چرا کر انہیں فروخت کیا کرتے تھے۔
ریجنل پولیس ترجمان کرنل شاکر سلیمان التویجری نے سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گروہ کا تعلق دو ایشیائی ممالک سے ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے 36 وارداتوں کا اعتراف کر لیا۔ ملزمان نے سعودی الیکٹریک کمپنی کے مختلف پاور سٹیشنز اور سرکٹ ہائوسز سے تقریبا پانچ لاکھ ریال مالیت کے کیبل اور ٹرانسارمر کے سرکٹ بریکرز چرائے تھے۔
کرنل شاکر نے مزید بتایا کہ ملزمان وقتافوقتا واردات کر کے مسروقہ کیبلز کو ریاض کے نواحی علاقے میں ایک فارم ہاؤس میں ڈمپ کیا کرتے تھے بعدازاں وہ انہیں فروخت کرتے تھے۔

گروہ کے ارکان مسروقہ کیبل فارم ہاؤس میں جمع کرکے فروخت کرتے تھے۔ فوٹو ۔ سبق نیوز 

گرفتار گروہ کے ارکان کی عمریں 20 سے 50 برس کے درمیا ن ہیں۔ ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی چالان پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کو بھجوا دیا گیا ہے جہاں ان کے جرائم کے بارے میں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
کرنل شاکر کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس امر کی سختی سے ہدایات کی گئی ہیں کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’ ہم اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ کس طرح معصوم شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی جان ومال کی حفاظت کی جائے۔‘ 
کرنل شاکر التویجری کا کہنا تھا کہ ریاض پولیس کا ہرجوان اپنا فرض بحوبی ادا کرتا ہے۔ جس طرح  پولیس کا فرض ہے کہ عوام کی خدمت کرے اسی طرح عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے بھرپور تعاون کریں۔ 

شیئر: