Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد اور ٹرمپ کا ٹیلی فونک رابطہ

فلوریڈا کے واقعہ پر امریکہ کی مدد کے لیےعزم کا اظہار کیا ہے۔فوٹو :روئٹرز
سعودی ولی عہد و نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے 
ولی عہد نے یقین دلایا کہ سعودی عرب فلوریڈا کے واقعہ کے مضمرات جاننے کے سلسلے میں امریکہ کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر سے فلوریڈا کے المناک واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ سعودی عرب ہلاک ہونے والوں کے اعزہ کی مدد کرنا چاہتا ہے۔اس گھناﺅنے اور مجرمانہ واقعہ پر سعودی عوام کو دکھ ہوا ہے اور وہ صدمے میں ہیں‘۔

فلوریڈا کے شہر پنسا کولا کے بحری اڈے پر  فائرنگ سے تین افراد ہلاک ہوگئے تھےفوٹو :روئٹرز

شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی طرف سے یہ بات دہرائی کہ’ فلوریڈا میں حملہ کرنے والے کے محرکات جاننے اور تحقیقات میں مدد کے لیے درکار معلومات فراہم کرنے کے خواہاں ہیں‘۔
 سعودی عرب کے متعلقہ حکام امریکہ سے بھرپور تعاون کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے امریکی بحری اڈے پر سعودی طالبعلم کی فائرنگ سے تین افراد کے ہلاک ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی تھی۔
شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سعودی سیکیورٹی اداروں کو ہدایت جاری کی تھی کہ امریکی بحری اڈے میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے امریکی حکام سے بھر پور تعاون کیا جائے۔
 یاد رہے کہ مریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پنسا کولا کے بحری اڈے پر سعودی طالب علم کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔امریکی حکام کے مطابق سعودی طالب علم بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا۔

شیئر: