کرینہ کپور مختلف شخصیات کو مدعو کریں گی جو خواتین کے حوالے سے غیرروایتی موضوعات پر گفتگو کریں گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا
بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے انڈیا کے پہلے ’رومانٹک‘ ریڈیو چینل سے اپنے شو ’عورت کیا چاہتی ہے‘ کے سیزن دو کی میزبانی کا آغاز کر دیا ہے۔
کرینہ کپور عشق ریڈیو 104.8 کے اس شو کے سیزن ایک میں عورتوں کے حوالے سے اچھوتے پروگرام کرنے کے بعد اب سیزن دو میں مختلف شخصیات کو اپنے پروگرام میں مدعو کریں گی جو خواتین کے حوالے سے غیرروایتی موضوعات پر گفتگو کریں گی۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کرینہ کپور اس شو میں نہ صرف طاقتور خواتین کو سامنے لائیں گی بلکہ ایسے مردوں کو بھی مدعو کیا جائے گا جو اپنے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔
کرینہ کپور اپنے دوسرے شو کی میزبانی کرنے کے لیے پرجوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ’میں دوبارہ ریڈیو پر آ کر خواتین سے متعلق غیرروایتی موضوعات پر شو کرنے کے بارے میں بہت پرجوش ہوں۔اس شو میں نہ صرف خواتین کے حوالے بات ہوگی بلکہ مردوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی جو اس سے پہلے نہیں ہوا ہے۔‘
انڈیا ٹو ڈے کے مطابق سیزن دو کے پہلے مہمان کرینہ کپور کے شوہر سیف علی خان ہوں گے۔ گزشتہ سیزن میں سیف علی خان نے شو میں کال کر کے کہا تھا کہ بچے کی پیدائش کے بعد وہ اپنی بیوی کو کیسے خوش رکھ سکتے ہیں۔‘
کرینہ کپور نے جواب میں کہا تھا کہ ’ سیفو آپ نے ریڈیو پر آ کے یہ سوال پوچھا ہے لیکن میں آپ کو جواب ضرور دوں گی اور وہ یہ کہ میرے خیال میں شوہر کو بیوی کی مدد کرنی چاہیے۔ بچے کی پیدائش کا مطلب ہے کہ عورت کو بہت سارے کام کرنا ہوتے ہیں اور اگر آپ مدد کریں گے تو بیوی خودبخود خوش ہوجائے گی۔‘
یہ پروگرام ریڈیو عشق کے یوٹیوب چینل اور ریڈیو پر پیر سے جمعے تک رات آٹھ سے دس بجے تک لائیو نشر کیا جائے گا۔