بالی وڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ ایک بار پھر سرعام فاش غلطی کر بیٹھی۔ ان کے منہ سے ناشائستہ لفظ نکلا تھا ہی کہ انھیں احساس ہو گیا اور چہرے پر شرمندگی چھا گئی لیکن ان کے ساتھ موجود اداکارہ کرینہ کپور نے دونوں ہاتھوں سے اپنا منہ چھپا لیا۔
وہاں موجود کرن جوہر نے ان کی باتیں نہیں سنیں لیکن جب کرینہ نے انھیں بتایا تو انھوں نے کہا کہ 'کیا میں نے ایسے ہی تمہاری پرورش کی ہے؟
دراصل یہ واقعہ جیو مامی فلم فیسٹیول کا ہے جس میں کرن جوہر کے ساتھ عالیہ اور کرینہ کپور 'دی بگ ٹاک' پروگرام کا حصہ تھیں۔ عالیہ کرینہ کی تعریف میں رطب السان تھیں اور کہہ رہی تھیں کہ وہ ان کے لیے ہمیشہ باعث تحریک رہی ہیں۔ ایک زمانہ وہ تھا جب کسی اداکارہ کی شادی ہو جائے تو سمجھو اس کا کیریئر ختم لیکن انھوں نے اس بات کو غلط ثابت کر دیا ہے اور ہم سب کے لیے نئی راہ بنائی ہے۔'
انھوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کے دوست ہمیشہ کرینہ کے جم والے لباس کی باتیں کرتے ہیں۔ اور اسی سلسلے میں ان کی زبان سے وہ معیوب لفظ نکل گیا۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کرینہ نے بھی عالیہ کی زبردست تعریف کی اور ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے وہاں 'من ترا حاجی بگویم تو مرا حاجی بگو' والا سلسلہ چل نکلا ہے۔
تاہم اس کے ساتھ بالی وڈ کی 'بیبو' نے اپنے بڑے ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے عالیہ کو مشورہ دیا کہ وہ اندھی دوڑ کا حصہ نہ بنیں اور اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے ساتھ انصاف کریں۔ انھوں نے اس کے ساتھ کہا کہ وہ اپنی صلاحیت کو 'سستے‘ میں فرخت نہ کریں۔
شردھا کے آنسو نکل پڑے
جہاں تعریف کی بات نکل پڑی ہے تو اداکارہ شردھا کپور کی یاد آ گئی۔ انھوں نے اپنے بھائی کے گیت کی دل کھول کر تعریف کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب انھوں نے اپنے بھائی کو گاتے ہوئے سنا تو فرط جذبات سے ان کے آنسو نکل آئے۔
شردھا نے منگل کو اپنے بھائی اور اداکار سدھانت کپور کے گیت 'کاش پھر سے' کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انسٹا گرام پر لکھا کہ یہ سدھانت کے فلم 'یارم' کا گیت ہے۔ انھوں نے اس کے ساتھ لکھا: 'بھائی کو گاتے سن کر میری آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ جھرجھری آئی اور میں دنگ رہ گئی۔'
فلم 'باغی' کی اداکارہ معروف اداکار اور ولن شکتی کپور کی بیٹی ہیں۔ تھوڑے ہی دنوں میں اداکارہ شردھا کپور نے بالی وڈ میں اپنی مخصوص پہچان بنائی اور کئی یادگار کردار کیے۔
انھوں نے مزید لکھا: 'بھیا، آپ ان چند بہترین لوگوں میں ہیں جنھیں میں جانتی ہوں، اس پورے گیت میں آپ کا دل آپ کی آواز کے ذریعے چمک رہا ہے۔ ميں آپ سے محبت کرتی ہوں۔'
ان دنوں وہ فلم ’باغی تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
بالی وڈ میں ایک بار پھر سے نئی جوڑیا بننے لگی ہیں اور یہ نئی جوڑیاں سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی سے اپنا موازنہ کر رہی ہیں۔
ادکار کارتک آرین اور اننیہ پانڈے نے اپنی جوڑی کا موازنہ سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی سے کیا ہے۔
بالی وڈ میں مثالی فلمی جوڑیوں میں سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی بھی شامل ہے۔
فلم 'پتی پتنی اور وہ' میں اداکاری کرنے والے کارتک اور اننیہ نے سوشل میڈیا پر اپنے فرسٹ لک کو شیئر کیا ہے جس پر کارتک نے لکھا کہ اننیہ کترینہ کی طرح لگ رہی ہیں۔ اس کے جواب میں اننیہ نے لکھا کہ 'آپ بھی سلمان خان سے کم نہیں لگ رہے ہیں۔'
مزید پڑھیں
-
رنویر 1983 ورلڈکپ کی اصل ٹرافی دیکھ کر روئے کیوں؟Node ID: 437836
اس فلم میں اگر کارتک 'پتی' کا کردار ادا کر رہے ہیں تو بھوی پیڈنیکر 'پتنی' کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ اننیہ 'وہ' کے کردار میں ہیں۔
اس سے قبل بھی بالی وڈ میں 'پتی پتنی اور وہ' بن چکی ہے جس میں ادکار سنجیو کمار نے ودیا سنہا اور رنجیتا کور کے ساتھ یادگار کردار ادا کیا تھا۔
واٹس ایپ پر خبریں حاصل کرنے کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں