ریاض ’مڈل بیسٹ‘، پہلے دن ایک لاکھ 30 ہزار افراد شریک
ریاض ’مڈل بیسٹ‘، پہلے دن ایک لاکھ 30 ہزار افراد شریک
جمعہ 20 دسمبر 2019 19:28
ڈیجیٹل میوزک پروگرام گیارہ گھنٹے تک جاری رہا۔ فوٹو:سبق
ریاض میں ڈیجیٹل میوزک پروگرام ’مڈل بیسٹ‘ نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ دنیا کے مختلف ملکوں کے 30 سے زیادہ فنکاروں نے پانچ تھیٹرز میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
شمالی ریاض کے بن بان علاقے میں ڈیجیٹل میوزک پرواگرام گیارہ گھنٹے تک جاری رہا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تھیٹرز میں 2 لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
پروگرام کے پہلے دن ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ شائقین پہنچے۔ دنیا میں اب تک کسی بھی ڈیجیٹل میوزک پروگرام میں شائقین کی اتنی بڑی تعداد میں کہیں نہیں آئی۔
’ مڈل بیسٹ‘ نے کیلیفورنیا کے سالانہ کوچیلا میوزک میلے اور بیلجیئم کے ٹومورلینڈ کو شائقین کی تعداد کے حوالے سے پیچھے چھوڑدیا ہے۔
ریاض کا مڈل بیسٹ میوزک پروگرام شائقین کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں میوزک پروگراموں کی فہرست میں سب سے اوپر آگیا ہے۔ امریکہ کے سالانہ کوچیلا میوزک میلہ 99 ہزار شائقین کے حوالے سے دوسرے اور بیلجیئم کا ٹومورلینڈ میوزک کنسرٹ 66 ہزار شائقین کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ مڈل بیسٹ ڈیجیٹل میوزک پروگرام 21 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس میں 70 سے زیادہ ڈی جے گلوکار حصہ لیں گے۔ ان میں بعض مشرق وسطیٰ میں پہلی مرتبہ اپنے فن کا مظاہر ہ کررہے ہیں۔
کئی سعودی فنکاروں نے ڈیجیٹل میوزک میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کو منوا لیا ہے۔ اس سے یہ پیغام گیا کہ سعودی فن کار بھی اس شعبے میں خود کو منوا رہے ہیں۔
گانوں کے انتخاب میں اعلیٰ ذوق کے مالک ہیں۔ مغربی اور عرب گانوں کے درمیان حسین امتزاج پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ڈیجیٹل میوزک میں نیا پن لانے والے سعودی خواب دیکھ رہے ہیں کہ مڈل بیسٹ میلہ ان کے فن کی زندگی میں اہم منزل ثابت ہوگا۔ انہیں اس کی بدولت دنیا کے معروف فن کاروں کے ساتھ پرفارم کرنے اور ان کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع ملیں گے۔