سعودی عرب کا مشرقی صوبہ جازان ایک تاریخی علاقہ ہے۔ یہاں کا تمدن اپنی منفرد تاریخ رکھتا ہے۔
جازان میں کئی ایسے عجیب و غریب تاریخی مقامات پائے جاتے ہیں جن کی بابت افسانوی کہانیاں عوام میں رائج ہیں۔ یہ مقامات جازان کے پہاڑوں اور تہامہ کے کوہستانی علاقے کے درمیان واقع ہیں۔
مہم جوﺅں کے لیے ان میں بے حد کشش ہے۔ ان میں سے بعض مقامات کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جنات ان کے محافظ ہیں۔
جبل الدقم
سبق ویب سائٹ کے مطابق کئی عجیب و غریب مقامات جازان کی مشرقی کمشنری العارضہ میں ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں ’جبل الدقم‘ ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36566/2019/20_jazan_3.jpg)
الدقم پہاڑ کے بارے میں قدیم زمانے سے طرح طرح کے قصے اور افسانے’ سینہ گزٹ‘ چلتے آرہے ہیں۔ کہتے ہیں کہ یہ پہاڑ جنات کے حصار میں ہیں اور اس تک رسائی ممکن نہیں ہے۔
عاد کی چھتری
جازان کی مشرقی کمشنری العارضہ ہی میں عاد کی چھتری بھی پائی جاتی ہے جسے مقامی لوگ ’مظلة عاد‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ یہ العارضہ کے مشہور ترین تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔ کہتے ہیں کہ اس کی تاریخ بے حد پرانی ہے۔
العارضہ کے بعض باشندوں کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک چٹان ہے جو چھتری کی شکل میں تراشی گئی ہے۔ اس چھتری کا تعلق قوم عاد سے ہے۔ ماہرین آثار قدیمہ اور مہم جو اسے دیکھنے کے لیے آتے رہتے ہیں۔ یہ العارضہ کمشنری کے مشرقی پہاڑوں کے بالائی مقام پر واقع ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36566/2019/20_jazan_1.jpg)
ناکعہ افسانوی چٹان
افسانوی چٹان ناکعہ شھدان میں واقع ہے۔ المخلاف قریوں کے بزرگ اس کے بارے میں مختلف قصے کہانیاں سناتے ہیں۔ یہ تاریخی قریہ الباب پہاڑ کے اوپر واقع چٹان ہے۔
مہم جو اور آثار قدیمہ کے ماہرین کا کہناہے کہ جو قصے سنائے جا رہے ہیں ان کا کوئی سائنٹفک ثبوت نہیں۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ پہاڑ کے اوپر واقع یہ چٹان ایک بوڑھی خاتون کی ہے جسے سولی پر لٹکا دیا گیا تھا۔
مگر اس کہانی کی کوئی سند اور کوئی دلیل آج تک کسی نے پیش نہیں کی۔
القھر پہاڑ
جازان میں القھر کوہستانی سلسلہ بھی مہم جوﺅں کو بے حد پسند ہے۔ بعض لوگ اسے زھبان کا کوہستانی سلسلہ کہتے ہیں۔
یہ عجیب و غریب قسم کے پہاڑ ہیں اسطوانی شکل کے ہیں۔
ان میں سے بعض کے درمیان سے جھرنے بھی نکل رہے ہیں۔ کئی کے درمیان جھیلیں بھی ہیں۔ عام طور پر بارش کے بعد یہ جھیلیں بن جاتی ہیں۔
یہاں دیو ہیکل آبشار پایا جاتا ہے جسے شلال الوھیدہ کہا جاتا ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36566/2019/20_jazan_4_0.jpg)