بگ بیش کے اپنے پہلے میچ کی پہلی گیند پر ہی حارث رؤف نے وکٹ حاصل کی تھی (فوٹو بگ بیش لیگ)
پاکستان کے سپیڈ سٹار حارث رؤف آسٹریلین ٹی 20 لیگ بیگ بیش میں رواں سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن گئے۔
انہوں نے یہ اعزاز لیگ کے دوسرے میچ میں ہوبارٹ ہیریکینز کے خلاف پانچ وکٹیں لے کر حاصل کیا۔
اتوار کو حارث رؤف نے بیگ بیش لیگ میں میلبرن سٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے ہوبارٹ ہوریکینز کے خلاف میچ میں 4 اوورز میں 27 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی۔ حارث رؤف بیگ بیش لیگ کے اس سیزن میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بھی بن گئے اور گولڈن آرم کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔
اس سے قبل میلبرن سٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے بیگ بیش لیگ کے ڈبیو میچ میں حارث رؤف نے بریسبن ہیٹ کے خلاف 4 اوورز میں 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پانچ وکٹیں لینے پر حارث رؤف کو پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر حارث رؤف نے لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’بیگ بیش لیگ کھیلنا میرا خواب تھا، میں پچھلے دو سال سے ٹرینگ کر رہا تھا۔ میں اس کارکردگی پر لاہور قلندرز اور اپنے فیملی کے نام کرتا ہوں۔ میں پاکستان میں سٹریٹ کرکٹ کھیلا کرتا تھا اور لاہور قلندرز کے پلئیر ڈویلپمنٹ پروگرام نے مجھے موقع دیا۔‘
حارث رؤف پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے پلئیر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منظر عام پر آئے تھے اور پاکستان سپر لیگ میں گذشتہ برس لاہور قلندرز کی نمائندگی کی۔
حارث رؤف کی شاندار کارکردگی کا چرچا سوشل میڈیا پر بھی ہے اور اس وقت وہ پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
سپورٹس جرنلسٹ فیضان لکھانی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اضافی آمدنی کمانے کے لیے حارث رؤف چند ماہ قبل راولپنڈی میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلا کرتے تھے، وہ اپنے گھر والے کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک ہوٹل میں بھی کام کرتے، آج بی بی ایل میں وہ ایک سٹار کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ حیرت انگیز طور پر لاہور قلندرز کا پلئیر ڈویلپمنٹ پروگرام نے اس کی زندگی بدل ڈالی۔‘
ساج صادق نے حارث رؤف کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ حارث روف نے ملبرن سٹارز کی جانب سے دوسرے میچ میں ہی 27 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کر کے کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ‘
ایک اور صارف عمر آصف نے لکھا کہ ہر کوئی پاکستان کا میچ دیکھنے میں مصروف تھا کہ کسی کو پتہ ہی نہیں چلا کہ حارث رؤف نے بگ بیش لیگ میں پانچ وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔