پی ایس ایل میں ایک بار پھر لاہور قلندرز کی آخری پوزیشن
کراچی:پاکستان سپر لیگ سیزن4 میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے ایک بار پھر آخری پوزیشن حاصل کرکے اپنی روایت برقرار رکھی۔ ملتان سلطانز نے لیگ کے آخری میچ میں7وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن حاصل کرلی ۔ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے مابین لیگ میں یہ آخری میچ تھا۔ اس میچ کی ہار جیت سے دونوں ٹیموں کیلئے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات نہیں تھے کیونکہ دونوں ٹیمیں پلے آف مرحلے سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 29ویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قلندرز کے کپتان/اوپنر بیٹسمین فخرزمان نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 53 رنز بنا ئے لیکن دیگر بیٹسمینوں میں ڈیوڈ وائز کے 30اور گورتنے کے 12رنز کے علاوہ کوئی ان کا ساتھ نہیں دے سکا اور نہ ہی ڈبل فگر میں پہنچ سکا ۔ لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا سکی۔ ملتان سلطانز کے محمد عباس نے عمدہ بولنگ کراتے ہوئے 22رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ رہے۔ شاہد آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ آسان ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور13اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر141رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ اوپنر جیمز ونس نے25رنز کی اننگز کھیلی۔شان مسعود نے 48 اور جانسن چارلس نے 41رنز بنائے۔شاہین آفریدی کو دوسرا اسپیل کرانے کا موقع نہ ملا اور انہوں نے 2اوورز میں 25رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک وکٹ ڈیوڈوائز کے حصے میں آئی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں