پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے خاکروب اور سینیٹری ورکرز ایک بار پھر احتجاج کر رہے ہیں۔ سینیٹری ورکرز کا مطالبہ ہے کہ کرسمس سے قبل ان کی تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں تاکہ وہ کرسمس کی خوشیاں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منا سکیں۔
اسلام آباد میں سینیٹری وکررز کے نمائندے الیاس مسیح نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میونسپل کارپوریشن ( ایم سی آئی) نے ایک ماہ کی تنخواہ اور دو عید الاونسز دینے کی یقین دہانی کروائی ہے جس پر وہ آج اپنا احتجاج مؤخر کر رہے ہیں، لیکن اگر کنٹریکٹ ملازمین کو اس بار بھی تنخواہیں نہ دی گئیں تو کرسمس کے دن بھی سڑکوں پر نکلیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک تنخواہوں کا مسئلہ حل نہیں ہوگا خاکروب اور سینیٹری ورکرز اپنے کام پر نہیں جائیں گے۔
مزید پڑھیں
-
تنخواہ ملتی ہے نہ عید ی ملتی ہے،مسیحی ملازمینNode ID: 415646
-
سعدیہ احمد کا کالم: صفائی نصف ایمان ہےNode ID: 431371
ادھر میونسپل کارپوریشن کے ترجمان محسن شیرازی نے بھی اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ کی تنخواہ اور دو عید الاونسز فی الفورادا کی جارہی ہیں اوردیگر بقایاجات اگلے ماہ دے دیئے جائیں گے۔
اسلام آباد میں خاکروب آئے روز کیوں احتجاج کرتے ہیں؟
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تین ہفتے قبل بھی خاکروبوں اور سینٹری ورکرز نے احتجاج کیا تھا اور تین دن تک شہر بھر کی صفائی نہیں کی گئی تھی۔
گزشتہ تین دنوں سے سینٹری ورکرز نے ایک بار پھر احتجاجاً کام چھوڑ دیا ہے اور شہر کے مختلف علاقے کچرے کے ڈھیر بن چکے ہیں۔
سینیٹری ملازم الیاس مسیح نے اردو نیوز کو بتایا کہ کنٹریکٹ ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہیں واجب الادا ہیں، ’حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود تنخواہیں نہیں ادا کی جاتیں جس کی وجہ سے ہمیں آئے روز مجبوراً احتجاج کرنا پڑتا ہے۔‘

الیاس مسیح کہتے ہیں کہ جب شہر اقتدار میں صفائی نہیں ہوتی اور شہر میں گندگی کے ڈھیر پڑے ہوتے ہیں تو ہمیں بھی اچھا نہیں لگتا لیکن ’ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے جب بھوکے سوئیں گے تو ہمارے پاس کوئی اور راستہ بھی نہیں ہے۔‘
اسلام آباد میونسپل کارپوریشن کے ترجمان سے جب تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ پوچھی تو ان کا کہنا تھا کہ ’ایم سی آئی کے پاس فنڈز موجود نہیں نہ ہی ہمارا کوئی فنائنشل ونگ ہے، اسی لیے اکثر فنڈز کے مسائل رہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ایم سی آئی کی جانب سے ایک تنخواہ اور دس ہزار روپے کرسمس الاونس کے طور پر دیے جارہے ہیں۔
