Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد، اغوا ہونے والے بچے کی لاش برآمد

کم سن عمر کو چار روز قبل اس کے گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔ فوٹو: سوشل میڈیا
اسلام آباد سے چار روز قبل اغوا ہونے والے بچے کی لاش تھانہ بارہ کہو کے علاقے سے برآمد کر لی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو سے اغوا کیے جانے والے پانچ سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق کم سن عمر کو چار روز قبل اس کے گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا جس کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں تھانہ بھارہ کہو میں درج کیا گیا تھا۔
21 دسمبر کو اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں درج کی گئی ایف آئی آر درج کے مطابق بچے کے والد مختار راٹھور نے بتایا کہ اس کا بیٹا شام چار بجے گھر کے باہر سے غائب ہوا۔

 

مقدمے درج کرنے کے بعد پولیس نے بچے کی بازیابی کے لیے ٹیمیں تشکیل دی تھیں جنہوں نے اغوا میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے تفتیش کے دوران اغوا کیے گئے بچے کو ایک گھر میں رکھے جانے کا بیان دیا تاہم جب پولیس کی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو بچے کی موت واقع ہو چکی تھی۔
کم سن عمر کی لاش ملنے کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شہریوں نے مقتول بچے کے خاندان سے تعزیت کی ہے۔
لینا غنی نامی صارف نے لکھا ہے کہ معصوم عمر کے والدین کس کرب سے گزر رہے ہوں گے۔ ان کے لیے دعا کی جائے۔
پولیس ترجمان کے مطابق بچے کو اس کے والد کے سگے کزن حمزہ نے اپنے دوستوں کے ہمراہ تاوان کی خاطر اغوا کیا تھا تاہم تاوان مانگے جانے کے بارے میں پولیس کو کسی قسم کی اطلاع نہیں تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں جبکہ بچے کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کی جائے گی۔

شیئر: