انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر مامور دو پولیس اہلکار ہلاک
انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر مامور دو پولیس اہلکار ہلاک
بدھ 18 دسمبر 2019 15:42
یہ پولیس اہلکار انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور تھے (فائل: فوٹو اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں پولیس کے مطابق انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
ضلع دیر کی مقامی پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح لال قلعہ مرخنی کے قریب اس وقت پیش آیا جب دونوں پولیس اہلکار انسداد پولیو سینٹر ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے۔
لوئر دیر کے ایس ایس پی عارف وزیر نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ پولیس اہلکار فرمان اور مکرم انسداد پولیو کی ڈیوٹی پر مامور تھے، ان اہلکاروں کو انسداد پولیو سنٹر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔‘
عارف وزیر کا مزید کہنا تھا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ آیا یہ واقعہ بھی ماضی کے واقعات جیسا ہے۔