Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ملالہ پر بنی فلم ’گل مکئی‘ کی ریلیز کا اعلان

ملالہ پر انڈیا میں فلم بنائی گئی ہے جو 31 جنوری کو سینما کی زینت بنے گی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے علاقے سوات میں طالبان کی کارروائیوں کے خلاف اور لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز اٹھانے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر انڈیا میں بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ 31 جنوری کو سینما کی زینت بنے گی۔
اس فلم میں ملالہ کا کردار ایک انڈین لڑکی ریم شیخ نے ادا کیا ہے جنہیں مخلتف آڈیشنز کے بعد اس رول کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
فلم کی کاسٹ میں دیویا دتا، پنکھج ترپاٹھی، اتل کلکرنی شامل ہیں جن کے اس فلم میں اہم کردار ہیں۔

 

انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق فلم کے حوالے سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’گل مکئی‘ میں جرات مند ضیاالدین خاندان کی کہانی فلمائی گئی ہے کہ جب سنہ 2009 میں طالبان نے وادی سوات پر قبضہ کر لیا تھا اور اپنی شریعت کا قانون نافذ کر دیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ وہ وقت تھا جب ملالہ نے سوات میں طالبان کے خلاف آپریشن کے دوران بی بی سی اردو کی ویب سائٹ پر ’گل مکئی‘ کے نام سے بلاگز لکھ کر آواز اٹھائی۔
ملالہ نے سوات میں لڑکیوں کے حقوق اور خصوصاً ان کی تعلیم کے لیے جدوجہد کی اور ان کی بہادری کی دنیا بھر میں تعریف کی گئی۔
ملالہ کی اس کاوش کے بعد طالبان نے ان پیچھا کیا اور انہیں گولیاں مار کر قتل کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی جان بچ گئی۔
یاد رہے کہ رواں برس اگست میں انڈین حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد ملالی یوسفزئی نے کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی تھی جس پر انڈیا میں ان پر کافی تنقید کی گئی تھی۔
ملالہ نے عالمی برادری سے کشمیریوں کی تکالیف پر آواز اٹھانے کے لیے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ستر سال پرانے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالنا چاہیے۔

اس فلم کو امجد خان نے ڈائریکٹ کیا ہے اور سنجے سنگلا نے پروڈیوس کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ملالہ نے کشمیر کے حوالے سے بیان میں کہا تھا کہ ’مجھے کشمیر کی پرواہ ہے کیونکہ جنوبی ایشیا میرا گھر ہے۔ اور میں یہ گھر اس کے ایک ارب اسی کروڑ باسیوں بشمول کشمیریوں کے ساتھ شیئر کرتی ہوں۔ ہم مختلف کلچرز، مذاہب، زبانیں، کھانوں، اور روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔ اور میں سمجھتی ہوں کہ ہم سب امن کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔‘
’گل مکئی‘ کے ریلیز ہونے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر اس فلم کے حوالے سے تبصرے ہو رہے ہیں۔
اس فلم کو امجد خان نے ڈائریکٹ کیا ہے اور سنجے سنگلا نے پروڈیوس کیا ہے۔
امجد خان نے ’گل مکئی‘ بنانے کا اعلان ملالہ پر حملے کے تین سال بعد سنہ 2012 میں کیا تھا اور سات سال کے بعد یہ فلم اگلے ماہ 31 جنوری کو منظر عام پر آ رہی ہے۔

شیئر: