گھر کا سربراہ ہی تہرے قتل میں ملوث نکلا
ملزم نے منظم منصوبے کے تحت واردات کی اور ملک فرار ہو گیا۔ فوٹو ، امارات ٹوڈے
امارات میں تہرے قتل کی ہولناک ورادات کرنے والا گھر کا سربراہ نکلا۔ ایشیائی ملزم اہلیہ اور 2 بیٹیوں کو قتل کرکے اپنے ملک فرار ہو گیا۔ ملزم نے منصوبہ بندی کے تحت واردات سے قبل اپنی سیٹ بک کرالی تھی۔
عجمان پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کر لیاہے۔ امارات ٹوڈے کے مطابق عجمان میں الراشدیہ علاقے میں پولیس کو ایک فلیٹ سے تین خواتین مردہ جبکہ ایک بچی نیم مردہ حالت میں ملی۔
ریجنل پولیس ڈائریکٹر کرنل عبداللہ الحمرانی نے بتایا کہ ایک خاتون نے رپورٹ درج کرائی کہ ان کا اپنی بیٹی اور نواسیوں سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہو رہا۔
رپورٹ درج ہونے پر پولیس ٹیم اس مقام پر پہنچی جس کی نشاندہی کرائی گئی تھی۔ فلیٹ اندر سے بند تھا مگر وہاں سے کسی قسم کی آواز نہیں آرہی تھی۔ پولیس فلیٹ کا دروازہ توڑا کر اندر داخل ہوئی تو سٹنگ روم میں 3سالہ بچی نیم مردہ حالت میں ملی جبکہ دوسرے کمرے میں ایک خاتون جس کی عمر 32 برس اور اس کی 16 اور13 برس کی دو بیٹیاں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
پولیس نے فلیٹ کو تحویل میں لے کر نعشوں کو مردہ خانے جبکہ نیم مردہ بچی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسپتال میں داخل کر دیا۔ دوران تحقیقات معلوم ہوا کہ ملزم کوئی اور نہیں بچیوں کا سگا باپ ہے جس کے اپنی اہلیہ سے کافی عرصے سے ناچاقی چل رہی تھی۔
کرنل الحمرانی کا کہنا تھا کہ ملزم نے تہرے قتل کی واردات سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی۔ واردات کے فوری بعد وہ پہلے سے بک پرواز پر اپنے ملک فرار ہو گیا۔
مقتولہ کی والدہ اور ملزم کی ساس کا کہنا تھا کہ اس کی بیٹی کا اپنے شوہر سے ہمیشہ تنازعہ رہتا تھا۔ والدہ نے پولیس کو مزید بتایا کہ اس کے داماد کا بھی کوئی پتا نہیں۔
پولیس نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ ملزم واردات والی رات ہی اپنے ملک روانہ ہو چکا جس پر پولیس نے تحقیقات کا رخ اس جانب موڑتے ہوئے انٹرپول سے رابطہ کر لیا تاکہ ملزم کو گرفتار کر کے اسے عدالت کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔