Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا کون سا شہر سرد ترین؟

آئندہ دنوں میں کئی شہروں میں درجہ حرارت نکتہ انجماد تک پہنچ جائے گی ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’بدھ کو سب سے کم درجہ حرارت الجوف، القریات، رفحاء، عرعر اور طریف میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’سب سے کم درجہ حرارت طریف میں رہا جہاں ایک سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔‘
المرصد ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’الجوف میں چھ سینٹی گریڈ، عرعر میں پانچ اور رفحا میں چھ سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ پایا گیا۔‘
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں برفباری ہوگی اور مختلف مقامات پر درمیانے درجے کی بارش بھی ہوگی۔ 

آج بدھ کو طریف میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے (فوٹو: محکمہ موسمیات)

اخبار 24 کے مطابق ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتے کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف اور شمالی حدود میں بوندا باندی ہو گی جبکہ القصیم، ریاض، مشرقی ریجن، الباحہ، عسیر اور جازان میں ہفتے اور اتوار کو درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ تبوک کے بالائی علاقوں میں جمعہ کو برفباری ہوگی، خصوصاً اللوز، علقان اور الظہر برفباری کی زد میں ہوں گے۔ 
جمعہ کی رات اور ہفتے کی صبح طریف اور القریات کمشنریوں میں بھی برفباری ہوسکتی ہے۔
المرصد کے مطابق ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی  نے بتایا ہے کہ ’رواں تعلیمی سال کی پہلی ششماہی کی تعطیلات کے دوران دن کے وقت مملکت بھر میں موسم معتدل رہے گا اور رات کے وقت ٹھنڈ رہے گی۔‘
ریاض، قصیم، حائل، الجوف، تبوک اور شمالی حدود میں رات کے وقت موسم پیر سے جمعہ تک بیحد سرد رہے گا جبکہ مدینہ منورہ اورمشرقی ریجن میں جمعرات سے اتوار تک دن کے وقت معتدل اور رات کو ٹھنڈا رہے گا۔ 
الحصینی نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ اور مغربی ساحل کے علاقوں میں ینبع سے جازان تک دن کے وقت موسم گرم اور رات کو معتدل رہے گا۔ یہ حالت جمعرات سے اتوار تک رہے گی۔‘

شیئر: