تین افراد پر شبہ ہے کہ انہوں نے ہی یہ خبر جاری کی کہ امریکی افواج کویت چھوڑنے والی ہیں ( فوٹو: القبس)
کویت نے اعلان کیا ہے کہ ’ٹویٹر پرکویتی خبررساں ادارے ’کونا‘ کا اکاؤنٹ باہر سے نہیں بلکہ اندر سے ہیک کیا گیا تھا‘۔
کویت نے کہا ہے کہ ’ادارے کے تین افراد پر شبہ ہے کہ انہوں نے ہی کونا کی ویب سائٹ سے یہ خبر جاری کردی تھی کہ امریکی افواج کویتی چھائونی چھوڑنے والی ہیں‘۔
کویتی جریدے القبس کے مطابق انٹرنیشنل سائبر سیکیورٹی کے ماہرین نے چھان بین کرکے بتایا ہے کہ ’جس انداز سے کویتی خبررساں ادارے کونا کا اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا۔ وہ روایتی طریقے سے مختلف ہے۔ ٹویٹر اکائونٹ پر نجی اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا نہ کہ سرکاری ادارے کے آن لائن انفارمیشن سسٹم کو‘۔
انٹرنیشنل سائبر سیکیورٹی کے ماہرین نے مزید بتایا ہے کہ ’جس انداز سے کونا کو ہیک کیا گیا، اس سے لگتا ہے کہ کونا کے ماتحت ٹویٹر اکاؤنٹ کنٹرول کرنے والے افراد میں سے کسی ایک کے سمارٹ فون کو ہیک کیا گیا‘۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’الیکٹرانک لنک بھیج کر اسے کھولا گیا اور پھر خفیہ نمبر ڈال کر واردات کی گئی۔ ہیکر نے اکاؤنٹ کھولا یا کسی اور موبائل کے ذریعے اسے اس انداز سے قابو کیا کہ اصل صارف کو اس کا اندازہ نہ ہوسکے‘۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی افواج سے متعلق جھوٹی خبر جاری کرنے کا آپریشن عارضی عمل کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ کافی عرصے سے اس پر کام ہورہا تھا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزارت داخلہ کی اسپیشل ٹیموں نے کونا کے ہیڈ کوارٹر پہنچ کر واقعہ کی تفتیش کی۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سوشل میڈیا کے ذریعے خبریں جاری کرنے کے لیے کئی آلات استعمال کیے جارہے ہیں۔ ان کی تعداد تین سے زیادہ ہوسکتی ہے۔ ان میں سے ایک غیر ملکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خبریں جاری کرنے کا اختیار رکھنے والوں میں کسی ایک کے ذریعے ہوسکتا ہے کہ یہ جھوٹی خبر جاری کی گئی ہو۔ یہ شبہ اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ ان میں سے ایک نے چند دن قبل سلیمانی کے قتل سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی تھی اور فوراً ہی اسے کونا کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا کیونکہ وہ خبر جاری کر کے اس شخص نے نازک پوزیشن میں ڈال دیا تھا۔
حکومت کے ترجمان اور سوشل میڈیا کے سربراہ طارق المزرم نے اعلان کیا تھا کہ کونا کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا اور اس سے جو یہ خبر پیش کی گئی تھی کہ امریکی افواج کویت سے نکل رہی ہیں غلط ہے۔
کونا نے کویت سے امریکی افواج کے انخلا کی بابت کویت کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شیخ احمد المنصور سے منسوب اس بیان کی بھی تردید کردی جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی افواج کویت چھوڑ رہی ہیں۔