انسانوں سے جانوروں کا رشتہ اتنا ہی پرانا ہے شاید جتنی انسانی تاریخ۔ 'جنگل بُک' میں موگلی کی کہانی جانوروں کی محبت کو پیش کرتی ہے جبکہ پالتو جانوروں کے ساتھ انسان کا رشتہ اس کا دوسرا پہلو ہے۔
حال ہی میں انڈیا کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں ایک بائیکر کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں اس نے اپنے پیچھے سوار اپنے کتے کو ہیلمٹ پہنا رکھا ہے۔
یہ ویڈیو پرمود مادھو نامی صارف نے ٹوئٹر پر شیئر کی ہے اور لوگ اسے بہت پسند کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ 'تمال ناڈو میں کتے کی حفاظت کے لیے اسے ہیلمٹ پہنا رکھا ہے۔ اس کے مالک کی دیکھ بھال کی تعریف کرنا ہو گی۔'
Dog wearing helmet for safety in Tamilnadu..
Really admiring the owner's care..❤❤ pic.twitter.com/pmEvwf2Dq4
— Pramod Madhav (@madhavpramod1) January 7, 2020
اس 17 سیکنڈ کی ویڈیو میں کتا انسانوں کی طرح بائیک سوار کے پیچھے بیٹھا ہوا ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک قریباً 70 ہزار بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ اسے ہزاروں لائکس بھی ملے ہیں اور اسے ری ٹویٹ بھی کیا جا رہا ہے۔
یہ ویڈیو جہاں انسان سے جانوروں کی بے پناہ محبت کی مظہر ہے وہیں بائیک چلاتے وقت حفاظت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
ریلی میں ٹریفک قانون کی کھلی خلاف ورزی
اب جب بات ہیلمٹ کی آ گئی ہے تو بتا دیں کہ گذشتہ دنوں دہلی میں بی جے پی نے اسمبلی انتخابات سے قبل بائیکرز کی ریلی نکالی جس میں دہلی کے ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔
جمعرات کو نکالی گئی ریلی میں بی جے پی کے دہلی یونٹ کے سربراہ منوج تیواری کے ساتھ بی جے پی کے وجے گویل اور میناکشی لیکھی وغیرہ نے شرکت کی۔
منوج تیواری نے تو ہیلمٹ پہن رکھا تھا لیکن بہت سے بائیکرز نے ہیلمٹ نہیں پہنا تھا جو کہ دہلی میں قانون کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔
Delhi: Bharatiya Janata Party (BJP) takes out bike rally from party state office as part of its Assembly elections campaign. pic.twitter.com/PYs3VkT7mr
— ANI (@ANI) January 9, 2020
میڈیا میں اس بات پر بھی بحث نظر آئی کہ جب لکھنؤ میں پرینکا گاندھی بائیک پر پیچھے بیٹھ کر بغیر ہیلمٹ کے جا رہی تھیں تو ان کا چالان کر دیا گیا تھا لیکن دہلی میں بی جے پی کے کارکنوں کی جانب سے قانون کی کھلی خلاف ورزی پر کوئی چالان نہیں کاٹا گيا۔
پرانی ویڈیو نیا پیغام
اب جب انسان اور جانوروں کی بات آئی ہے تو اس سلسلے میں ایک تین سال پرانی ویڈیو گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک بار پھر کافی وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک کوبرا نے غلطی سے پلاسٹک کی پوری بوتل نگل لی ہے۔
یہ واقعہ مغربی ساحلی ریاست گوا میں 2017 میں پیش آیا تھا اس وقت اسے محکمۂ جنگلات سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار پروین کاسوان نے ٹوئٹر پر شیئر کیا تھا۔
When it comes to #plastic there is nothing called as throwing away. See how single use plastic like bottles effecting the wildlife & other species. Video may disturb you. pic.twitter.com/swnxAjbyCx
— Parveen Kaswan, IFS (@ParveenKaswan) January 10, 2020
سانپ نے آدھی لیٹر سوفٹ ڈرنک کی بوتل کو کھانے کی چیز سمجھ کر نگل لیا اور وہ اس کے پیٹ میں پھنس گئی اور ہضم نہیں ہوئی۔ جب لوگوں نے سانپ کو تکلیف میں دیکھا تو فوراً سانپ کو پکڑنے والے کو بلایا گیا جس نے اس کے پیٹ سے وہ بوتل نکالی۔
ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے پروین کاسوان نے لکھا تھا ’دیکھیں سنگل یوز پلاسٹک کی بوتلیں جنگلی حیات اور دیگر نسلوں کو کس طرح متاثر کرتی ہیں۔ یہ ویڈیو آپ کو پریشان کر سکتی ہے۔‘
کاسوان نے لکھا کہ ’یہ کوبرا ہے، یہ نِگلی چیز کو اُگل سکتا ہے لیکن دوسرے جاندار شاید ایسا نہ کر سکیں اور وہ درد اور تکلیف میں ہی ہلاک ہو جائیں۔‘
مزید پڑھیں
-
مائیکل جیکسن کے گیت گانے والا انڈین کسانNode ID: 449326
-
یونیورسٹی میں’بھوت کا علاج سیکھیں گے‘Node ID: 450336
-
بالی وڈ کے ستاروں نے نئے سال کا جشن کہاں اور کیسے منایا؟Node ID: 451006