خریف کی فصل خراب ہونے سے پیاز کی پیداوار میں کمی آئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
انڈین ریاست کرناٹک کا ایک کسان ان دنوں مائیکل جیکسن اور جسٹن بیببر کے گیتوں کو گانے کی وجہ سے شہ سرخیوں میں نظر آ رہے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق ان کا تعلق انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹک کے ہنداساگٹٹی گاؤں سے ہے اور انھیں مغربی موسیقی سے بے حد لگاؤ ہے۔
لنگی اور شرٹ میں ملبوس پردیپ کی مغربی موسیقی کے لیجنڈ مائیکل جیکسن کے سارے انداز سے واقفیت ہے اور انھیں جسٹن بیبر کے تمام نغمے ذہن نشین ہیں۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ انگریزی زبان سے نابلد ہونے کے باوجود وہ انگریزی نغمے گا لیتے ہیں۔ یوٹیوب پر انھیں خداداد صلاحیت کا مالک بتایا جا رہا ہے۔
Talent has no boundaries !!!
Listen this karnataka farmer pradeep who is singing Justin Bieber's famous song 'baby' in his own style while tilling his land. Just amazing ! #Karnatakapic.twitter.com/dwBvYwmDrs
پردیپ نے خبررساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ انھیں 'مغربی میوزک اور انگریزی زبان بہت پسند ہے اس لیے میں نے زیادہ سے زیادہ گیت سننے شروع کر دیے۔'
وہ انگریزی کرکٹ کمنٹری کی بھی نقل کرتے ہیں۔
مہنگائی عروج پر
انڈیا میں ان دنوں مہنگائی عروج پر ہے۔ آئے دن پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں دوسری اشیا روز بروز مہنگی ہو رہی ہیں۔ دارالحکومت دہلی میں دودھ کی قیمت پر دو سے تین روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ دہی کی قیمت میں بھی اضافہ نظر آ رہا ہے۔
پیاز کی قیمت ستمبر سے متواتر بڑھ رہی ہے اور اب تو یہ پورے ملک میں 100 روپے فی کلو سے تجاوز کر چکی ہے کہیں کہیں تو یہ ڈیڑھ سو روپے فی کلو بھی نظر آ رہی ہے۔
چنانچہ پیاز کی مہنگائی کو دیکھتے ہوئے ایک ٹک ٹاک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ایک خاتون ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کے دوران پیاز کی قاشیں اپنے بیگ میں رکھ رہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ویٹروں سے نظر بچا کر پیاز کی قاشیں چوری کرکے اپنے بیگ میں رکھ رہی ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ خریف کی فصل خراب ہونے کے سبب پیاز کی پیداوار میں کمی آئی ہے اور یہی پیاز کی قیمتوں میں اضافے کا سبب ہے۔ دیر سے ہونے والی خریف کی فصل جنوری میں آئے گی تب تک پیاز کی قیمتوں میں کمی ہونے کا بظاہر امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔
دو منہ والا کرشماتی سانپ
گذشتہ ہفتے انڈیا میں دو سر والے ایک سانپ کا ذکر رہا۔ یہ سانپ مغربی بنگال کے مدناپور کے ایک گاؤں میں دیکھا گیا اور جوں ہی اس کی خبر علاقے میں پھیلی دور دور سے لوگ اسے دیکھنے چلے آئے۔
لوگوں کا خیال ہے کہ یہ سانپ کرشماتی ہے لیکن این ڈی ٹی وی کے مطابق محکمۂ جنگلات میں سانپوں کے ماہر کوستو چکربرتی نے کہا کہ یہ جینیاتی گڑبڑ کا نتیجہ ہے، اور اس کا اساطیر کے کرشماتی سانپ سے کوئی تعلق ہے۔
انھوں نے کہا کہ لوگوں نے اپنے توہم کی بنیاد پر اس سانپ کو محکمۂ جنگلات کو سونپنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح دو سر والے انسان کسی حیاتیاتی گڑبڑ کے سبب پیدا ہو جاتے ہیں اسی طرح سانپ یا دوسرے جانور بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
اس سے قبل بھی دو سروں والے سانپ نظر آتے رہے ہیں۔ محکمۂ جنگلات کے افسر کا کہنا ہے کہ اگر یہ سانپ حفاظت میں رکھا جائے تو اس کے جینے کے زیادہ امکان ہے۔
بہت سے لوگوں نے دو سروں والے اس سانپ کو دودھ بھی پلایا۔ بہت سے لوگ سانپ کو دودھ پلاتے ہیں اور اس کے ساتھ عقیدت رکھتے ہیں۔ انڈیا میں ناگ پنچمی سانپوں کو پوجنے کا تہوار ہے جو ہندو مذہب میں یقین رکھنے والے بعض لوگ ہر سال مناتے ہیں۔
اب جب سانپ کی بات آ گئی ہے تو آپ کو بتاتے چلیں کہ انڈیا میں سانپ کے کاٹنے سے ہر سال 46000 افراد ہلاک ہو جاتے ہیں اور دنیا میں جتنے افراد سانپ کے کاٹنے سے ہلاک ہوتے ہیں یہ اس کا نصف ہے۔
انڈیا میں زہریلے سانپوں کی 60 سے زیادہ اقسام ہیں۔ لیکن زہر کی کاٹ کے لیے بس ایک قسم کا توڑ ہے۔ جانور اور انسانوں کے درمیان سانپ کا کاٹنا سب سے زیادہ مہلک تصادم ہے۔
سکرال میں شائع ایک خبر کے مطابق انڈیا میں سانپوں کی 270 اقسام ہیں جن میں سے تقریباً 60 زہریلے ہیں۔ سانپ کے زہر کا توڑ سانپ کا زہر ہی ہوتا ہے۔ انڈیا میں جو زہر کو کاٹنے والی دوا ہے وہ چار انتہائی زہریلے قسم کے سانپ کوبرا، کریت، رسل وائپر اور گوہمن کے زہر کا مرکب ہیں۔
بیک وقت دو خواتین سے شادی
انڈیا کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش سے ایک انوکھی شادی کی خبر سامنے آئی ہے جس میں ایک شخص نے بیک وقت دو خواتین سے شادی رچائی ہے۔
انڈیا نیوز کے مطابق بھنڈ ضلعے سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر آباد ایک گاؤں میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور رشتے میں اپنی سالی کے ساتھ سات پھیرے لیے۔
گاؤں کی سرپنچ وینیتا دیوی کے شوہر 35 سالہ دیپو پریہار نے سٹیج پر پہلے اپنی سالی 22 سالہ رچنا کے ساتھ شادی کی اور پھر اسی اسٹیج پر اپنی پہلی بیوی ونیتا دیوی (28 سال) کے گلے میں شادی کا ہار ڈال۔
دلیپ اور ونیتا کی نو سال قبل بھی شادی ہوئی تھی اور ان کے تین بچے بھی ہیں۔