Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم تجربے کر رہے ہیں، گھبرانا نہیں ہے‘

مصباح الحق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ بھی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
میرے خیال سے اتنی محنت مسلم لیگ نون کو آرمی ایکٹ پر ہاں کرانے کے لیے بھی نہیں کی گئی ہوگی جتنی محنت پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پر کی ہے کہ بھئی آ جاؤ پاکستان، ہم کچھ نہیں کہیں گے۔
تین T20 اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل یہ سیریز  24 جنوری کو شروع ہوگی۔ اور اگر بنگلہ دیش کی ٹیم درمیان میں واپس نہ چلی گئی اور اگر تیسری جنگ نہ ہوئی تو سیریز مکمل بھی ہو جائے گی۔ مصباح الحق، جو کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی ہیں، چیف سلیکٹر بھی ہیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی کوچ ہیں، نے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنی پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے کہا کہ ’ہم تجربے کر رہے ہیں، گھبرانا نہیں ہے۔‘ اس سیریز میں کیا ہوگا اس کا تو پتا نہیں لیکن ایک بات ضرور محسوس ہوئی کہ جو بھی میانوالی سے ہے وہ نہ گھبرانے کا ہی مشورہ دیتا ہے۔
جس سکواڈ کا اعلان ہوا ہے اس میں کچھ نام ایسے ہیں جو اسی طرح حیران کن ہیں جیسے عثمان بزدار پنجاب میں ہیں۔
پہلے اچھی باتیں کر لیتے ہیں۔ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان کے سکواڈ میں حارث رؤف شامل کیے گئے ہیں یہ وہی حارث رؤف ہیں جنہوں نے بگ بیش میں ریکارڈ پر ریکارڈ بنا دیے اور جب یہ وکٹ لیتے ہیں تو خوشی سے آداب بھی کرتے ہیں۔ ٹیم میں شاہین شاہ اور شاداب خان کو دیکھ کر کافی خوشی محسوس ہوئی ہے۔ شاہین شاہ آج کل کافی فارم میں ہیں۔  البتہ شاداب خان کی کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے لوگ اس بات پر لڑ رہے ہیں کہ وہ آل راؤنڈر نہیں ہیں۔ یہ ایسے ہی ہے کہ پشاور بی آر ٹی پر بات ہونی چاہیے لیکن سب کو لاہور کی بی آر ٹی سے مسئلے ہیں۔ 

فاسٹ بولر حارث رؤف پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹیم میں ہم سب کے ہر دل عزیز عماد وسیم بھی شامل ہیں۔ لوگ ان کو آل رائونڈر تو کیا کرکٹر بھی نہیں مانتے لیکن یہ ہمیں بہت عزیز ہیں۔  موسیٰ خان جو کہ بولر ہیں، ان کی کارکردگی کچھ ایسی خاص نہیں تھی کہ بندہ پھر ٹیم میں ڈال لے۔ لیکن یہاں آ جاتا ہے چیف سلیکٹر کا مسئلہ جن کو محمد عامر نظر نہیں آئے۔ محمد عامر نے تو ٹیسٹ کرکٹ کو بھی چھوڑ دیا تا کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت میں کم سے کم بولنگ کریں۔
 اب آ جائیں ذرا ان کی طرف جن کی ابھی ابھی بولنگ بین ہوئی ہے ان کے ایکشن کی وجہ سے۔ جی ہاں محمد حفیظ۔ محمد حفیظ وہ ٹماٹر ہیں جس کو ہر کوئی برگر سے نکال دیتا ہے۔ محمد حفیظ وہ بریڈ کا سلائس ہیں جن کو بندہ اٹھا کر باہر پرندوں کو ڈال دیتا ہے۔ محمد حفیظ وہ غیر ضروری انناس ہیں جو ہر کوئی بلیک فورسٹ کیک سے نکال دیتا ہے۔ لیکن پی سی بی اب بھی ان کو بہت ضروری سمجھتا ہے۔ اور T20 ٹیم میں ڈال دیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ داماد ہند جن کو اب میں ٹیم میں شامل تا حیات کرنے لگ گئی ہوں، شعیب ملک ہیں جو پِھر سے پاکستان کی طرف سے کچھ نہیں کریں گے. ٹیم میں مجھے صرف دو انسانوں پر اندھا بھروسا ہے، وہ ہیں شہنشاہ عالم بابَر اعظم جن کی تعریف ممکن نہیں اور دوسرا حارث رؤف۔ باقی سب سکواڈ میں ایسے ہی ہیں جیسے وزیراعظم کی فیڈرل کیبینیٹ ہو۔

عماد وسیم پاکستان کی جانب سے آل راؤنڈر کے طور پر کھیلتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

اِس سیریز سے امیدیں کوئی خاص نہیں، خاص کر کے یہ جانتے ہوئے کہ پاکستان نے سنہ 2019 میں صرف ایک ٹی20 میچ جیتا تھا، لیکن لطیفہ یہ ہے کہ اِس بری کارکردگی کے بعد بھی پاکستان ٹی20 میں پہلے نمبر پر ہی ہے۔  اسے کہتے ہیں اصلی پریکٹیکل جوک! بنگلہ دیش کی ٹیم اچھی خآصی تگڑی ہے۔ کچھ نئے چہرے جیسے احسن علی اور عماد بٹ۔ مجھے ذاتی طور پر ٹیم میں وہاب ریاض کی کمی محسوس ہو رہی ہے کیوں کہ اگر چار گیندیں وائڈز ہوتی ہیں تو تین وکٹس بھی تو ہوتی ہیں۔ اور ذاتی طور پر میرا دھیان اب بولنگ پر زیادہ ہے۔ بہت عرصے بعد حارِث رؤف جیسا فاسٹ بولر میدان میں آئے گا۔ اگر ہماری بیٹنگ ہمارا ساتھ دے گئی تو ان بولرز کو دیکھنے کا مزہ دوبالا ہوجائے گا. کیوں کہ 50 سکور پر آؤٹ ہو کر بولرز نے کیڑا چن چاڑ دینا اے!
چونکہ میں سال ہا سال سے مایوسی میں جی رہی ہوں، تو میرے دِل سے پوچھیے تو کانتٹے دار مقابلہ ہوگا۔ اور جو لوگ ہمیں لگتا ہے کہ چلیں گے، شاید وہ نہ چلیں۔ کیوں کہ قسمت کے کھیل، جو بھی ہو، ہمارے عوام کو بجلی، گیس اور پانی نہیں، لیکن کرکٹ تو مل رہی ہے۔ اگر پِھر بھی آپ کو سکون نہیں مل رہا تو وزیراعظم نے کیا خوب کہا ہے:
’اصل سکون تو قبر میں ہے‘

شیئر:

متعلقہ خبریں